اسلام آباد (ظہیر احمد) جموں و کشمیر پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سردار خادم حسین طاھر نے کہا ہے کہ تحریک آزادی کشمیر کے عظیم رہنما، بانی آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر، غازی ملت سردار محمد ابراہیم خان کی 22ویں برسی 31 جولائی 2025 کو آزاد کشمیر، پاکستان اور دنیا بھر میں انتہائی عقیدت و احترام سے منائی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ غازی ملت سردار محمد ابراہیم خان کی تحریک آزادی، جمہوری اصولوں، اداروں کے قیام اور کشمیری عوام کو ووٹ کا حق دلوانے کے لیے کی جانے والی بے مثال خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔
سردار خادم حسین طاہر نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ غازی ملت واحد شخصیت تھے جنہوں نے سری نگر سے ڈوگرہ سامراج کے خلاف بغاوت کی بنیاد فراہم کی، جس کے نتیجے میں ڈوگرہ راج کی ظالم، جابر اور غاصب حکومت کا ہمیشہ کے لیے خاتمہ ممکن ہوا۔
انہوں نے مزید کہا کہ غازی ملت کی تحریکی، سیاسی، جمہوری اور ملی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ قومیں وہی زندہ رہتی ہیں جو اپنے محسنوں کو یاد رکھتی ہیں اور ان کے نقش قدم پر چلتی ہیں۔
سردار خادم حسین طاہر نے کہا کہ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ کشمیری قوم تمام تر ذاتی اور گروہی اختلافات کو ختم کرکے متحد ہو جائے، اور غازی ملت کے مشن کی تکمیل کے لیے تن، من، دھن قربان کرنے کے لیے تیار ہو۔ اگر ہم نے ایسا نہ کیا تو یہ دو لاکھ شہدائے کشمیر کی قربانیوں اور ان کی مقدس روحوں سے بیوفائی کے مترادف ہوگا۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ 31 جولائی کو غازی ملت کی برسی کے موقع پر بھرپور شرکت کریں اور اُن کی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے تحریک آزادی کشمیر کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کریں۔