اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) رکن قومی اسمبلی انجم عقیل خان نے اپنے حلقے میں پبلک ڈے کے موقع پر شہریوں سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے۔ اس موقع پر انہوں نے مسائل کے حل کے لیے فوری اقدامات کی یقین دہانی کروائی۔
13-H سے تعلق رکھنے والے تاجر برادری کے نمائندے ملک آفتاب، ملک طارق، ملک عامر، ملک حاجی نواز، ملک یثرب اور ملک نائیک نزاکت کی قیادت میں انجم عقیل خان سے ملاقات کرنے والوں میں شامل تھے۔ انہوں نے رکن قومی اسمبلی کو علاقے میں درپیش مسائل، جن میں گلیوں کی پختگی، بجلی، سڑکوں کی حالت اور ملازمتوں کے مواقع شامل ہیں، سے آگاہ کیا۔
تاجر برادری نے حلقے میں جاری ترقیاتی کاموں، شاہ اللہ دتہ روڈ پر کام کے آغاز اور شاہ اللہ دتہ قبرستان کی دیوار کی تعمیر پر انجم عقیل خان کا شکریہ ادا کیا اور انہیں پھولوں کے گلدستے پیش کیے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انجم عقیل خان نے کہا کہ ان کے دروازے حلقے کے عوام کے لیے ہر وقت کھلے ہیں۔ عوامی مسائل کا حل ان کی اولین ترجیح ہے اور حلقے میں ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھایا جا رہا ہے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات میسر آ سکیں۔