اتوار,  13 جولائی 2025ء
اسلام آباد: زمرد خان سے پمز ریٹائرڈ ملازمین کی ملاقات، فاطمۃ الزہرہ اسپتال میں غریب مریضوں کی خدمت کے لیے تعاون کا اعلان

اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز): چیئرمین پاکستان سویٹ ہوم، معروف سماجی رہنما زمرد خان نے کہا ہے کہ “انسانیت کی خدمت کرنا دل کے سکون کا باعث اور اصل عبادت ہے۔ ہر انسان کو چاہیے کہ وہ اللہ کی عبادت کے ساتھ ساتھ حقوق العباد کی ادائیگی اور خدمت خلق کو اپنی زندگی کا مشن بنائے۔” وہ یہ بات پمز ریٹائرڈ ایمپلائز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کہہ رہے تھے۔

زمرد خان نے کہا کہ آپ تمام افراد خوش قسمت ہیں جنہوں نے پمز جیسے بڑے ادارے میں 30 سے 40 سال مریضوں کی خدمت میں گزارے۔ “اب وقت ہے کہ ہم اس خدمت کے سفر کو مزید آگے بڑھائیں۔ میں آپ سب کو دعوت دیتا ہوں کہ میرے ساتھ فاطمۃ الزہرہ اسپتال میں شامل ہوں، جو چکری اور گرد و نواح کی عوام کو مفت طبی سہولیات فراہم کر رہا ہے۔ آئیے، ہم مل کر نادار، غریب اور مستحق مریضوں کی خدمت کریں۔”

اس موقع پر پمز ریٹائرڈ ایمپلائز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر منصور احمد اور سابق ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر اشفاق احمد نے زمرد خان کو یقین دہانی کرائی کہ وہ ان کے ساتھ ہر ممکن تعاون کریں گے۔
ڈاکٹر منصور احمد نے کہا: “دوسروں کی مدد کرکے انسان نہ صرف دنیا میں سکون حاصل کرتا ہے بلکہ آخرت کا سرمایہ بھی جمع کرتا ہے۔ انسانیت کی خدمت سے بڑھ کر کوئی عبادت نہیں۔”

وفد میں شامل دیگر معزز اراکین — انجینئر ضیاء الرحمن لودھی، حاجی غلام مصطفی، حاجی محمد حنیف، ملک تنویر نوشاہی، میڈم بشرت خان، میڈم نسیم، میڈم مارتھا لال، مرزا محمد اکمل، اور وقار حسین — نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور زمرد خان کے فلاحی جذبے کو سراہا۔

شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ فاطمۃ الزہرہ اسپتال میں رضاکارانہ خدمات انجام دے کر ایک نئی مثال قائم کی جائے گی اور غریب عوام کی فلاح کے لیے اجتماعی جدوجہد کو فروغ دیا جائے گا۔

یہ ملاقات نہ صرف جذبہ خدمت انسانیت کی تجدید ثابت ہوئی بلکہ ایک نئے فلاحی سفر کی بنیاد بھی رکھ دی گئی۔

مزید خبریں