اتوار,  13 جولائی 2025ء
اٹک: آرائیں برادری کے اتحاد و فلاح کے لیے تاریخی اجلاس، انجمن آرائیاں کی ازسرنو تنظیم پر اتفاق

اٹک (روشن پاکستان نیوز): ضلع اٹک میں آرائیں برادری کے اتحاد اور فلاحی منصوبہ بندی کے حوالے سے ایک تاریخی اور مؤثر اجلاس سابق چیئرمین بلدیہ حضرو، حاجی محمد سعید آرائیں کے ڈیرہ پر منعقد ہوا۔ اس اجلاس کی صدارت معروف سیاسی و سماجی رہنما حاجی محمد اکرم خان آرائیں نے کی، جبکہ ضلع بھر سے تعلق رکھنے والی آرائیں برادری کی سرکردہ شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اجلاس کا مقصد برادری کے افراد کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرنا، فلاحی سرگرمیوں کو فروغ دینا، اور ضلع بھر میں انجمن آرائیاں کو مؤثر اور فعال بنانا تھا۔ مقررین نے برادری کے اندر باہمی یگانگت، تعاون، اور محروم طبقات کی معاونت پر زور دیا۔

حاجی محمد اکرم خان آرائیں نے اپنے خطاب میں کہا کہ:
“انجمن آرائیاں کسی سیاسی وابستگی سے بالا تر ہو کر صرف اور صرف برادری کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرے گی۔ ہمیں چاہیے کہ ہم متحد ہو کر آگے بڑھیں اور ان افراد کا سہارا بنیں جو وسائل سے محروم ہیں۔”

اجلاس کے میزبان، حاجی محمد سعید آرائیں نے شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا:
“مجھے فخر ہے کہ مجھے انجمن آرائیاں ضلع اٹک کی صدارت کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ ان شاء اللہ، میں امانت و دیانت کے ساتھ برادری کی خدمت کو اپنا نصب العین بناؤں گا۔”

اجلاس میں جن دیگر ممتاز شخصیات نے شرکت اور اظہارِ خیال کیا ان میں سرفراز خان آرائیں، عندالمالک آرائیں، سیف آرائیں، چوہدری جاوید اقبال آرائیں، عمران آرائیں، اسماعیل آرائیں، عبدالرؤف آرائیں، یونس آرائیں، افضل احمد آرائیں، خان افسر آرائیں، ملک رفیق آرائیں، حاجی مسعود آرائیں، بلال آرائیں، سیف الرحمن آرائیں، حافظ محمد عدنان آرائیں و دیگر شامل تھے۔

مقررین نے تنظیم کو مزید مؤثر بنانے، فلاحی پروگرامز کے آغاز، نوجوان نسل کی رہنمائی، اور باہمی رابطے کے فروغ کے لیے کئی قابلِ عمل تجاویز پیش کیں، جنہیں حاضرین نے متفقہ طور پر سراہا اور ان پر عملدرآمد کے لیے اپنی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔

اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ انجمن آرائیاں ضلع اٹک نہ صرف برادری کی نمائندہ تنظیم بنے گی بلکہ ایک فعال، فلاحی اور متحد پلیٹ فارم کے طور پر اپنی شناخت بنائے گی۔ یہ اجلاس آرائیں برادری کے ایک نئے روشن اور متحد دور کی بنیاد ثابت ہوگا۔

مزید خبریں