اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) انسانیت کی خدمت اور بھوکے پیاسے لوگوں کے لیے جذبہ خیرسگالی کا مظاہرہ کرتے ہوئے معروف سماجی شخصیات ملک راشد اور آغا امجد علی نے پولی کلینک اسپتال اسلام آباد کے باہر فری لنگر/دسترخوان کا اہتمام کیا۔
فری لنگر میں روزانہ درجنوں مریضوں، تیمارداروں اور راہ گیروں کو تازہ اور معیاری کھانا پیش کیا جا رہا ہے۔ یہ اقدام نہ صرف بھوک مٹانے کا ذریعہ بن رہا ہے بلکہ ایک پیغام بھی دے رہا ہے کہ معاشرے میں خیر اور خدمت کا جذبہ اب بھی زندہ ہے۔
ملک راشد اور آغا امجد علی نے کہا کہ وہ یہ نیک کام صرف اللہ کی رضا اور انسانیت کی خدمت کے جذبے کے تحت انجام دے رہے ہیں۔ “ہم سب کے لیے دعاگو ہیں، خصوصاً اُن مریضوں کے لیے جو اسپتال میں زیر علاج ہیں۔”
دونوں شخصیات نے دیگر مخیر حضرات سے بھی اپیل کی کہ وہ ایسے فلاحی کاموں میں اپنا حصہ ڈالیں اور معاشرے کے کمزور طبقے کے لیے آسانیاں پیدا کریں۔
شہریوں اور اسپتال میں موجود مریضوں کے لواحقین نے اس اقدام کو سراہا اور دعا دی کہ اللہ تعالیٰ ان مخیر افراد کو مزید توفیق دے کہ وہ خدمت انسانیت کا یہ سفر جاری رکھ سکیں۔