هفته,  05 جولائی 2025ء
یومِ عاشور کا پیغام: امام حسینؑ کا کردار انسانیت کے لیے مشعلِ راہ ہے — ایم اے ہارون شیخ

راولپنڈی (روشن پاکستان نیوز)حضرت امام حسین نے دنیا پر واضح کر دیا کہ دین حق کیلئے فنا میں بھی بقا ہے آپ نے معرکہ حق و باطل میں دین کی عصمت کیلئے لازوال قربانی پیش کرتے ہوئے صبر و استقامت کی اعلی مثال قائم کی یوم عاشور ہمیں اس عظیم قربانی کی یاد دلاتا ہے جو نواسہ رسول ۖ نے اپنے اہلبیت و رفقائے کرام کے ساتھ میدان کربلا میں دین کی حرمت وحفا ظت کیلئے پیش کی، واقعہ کربلا ہمیں اعلی مقاصد کے حصول کیلئے ایثار و قربانی،صبر و استقامت کا درس ملتا ہے کہ مقاصد کے حصول کیلئے کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کیاجاسکتا، یہی عمل آپ نے اختیار کیا اور دین حق کی سربلندی کیلئے ڈٹ جانا سکھایا خانوادہ حضرت امام حسین اور جانثاران اہلبیت نے میدان کربلا میں شہادت پاکر تاریخ اسلام میں اس دن کو تاقیامت انمنٹ بنا دیا ۔ ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ ن کے رہنما ایم اے ہارون شیخ نے یوم عاشور کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔ انہوںنے کہا کہ حضرت امام حسین خوف خدا، فیاضی و سخاوت، شجاعت و بہادری جیسے اعلی ترین اوصاف کے مرتبہ پر فائز تھے آپ نے حق کے لئے ڈٹ جانا، باطل سے ٹکرانا اور شہادت کے عظیم مرتبے پر فائز ہو کر ایثار و قربانی کی ایسی تاریخ رقم کی جو ہر دور میں صراط مستقیم پر چلنے والوں کیلئے روشن مثال ہے۔ انہوںنے کہا کہ سیدنا امام حسین نے ظلم واستبدادکے سامنے کلمہ حق بلند کیا آپ نے حق و باطل کے درمیان واضح لکیر کھینچ دی حضرت امام حسین کا کردار پوری انسانیت کیلئے نمونہ عمل ہے ،ہمیں چایئے کہ ریاست سے محبت، انسانیت کی بھلائی، ملکی تعمیر و ترقی کیلئے اپنا بھرپور و فعال کردار ہی کامیابی کا زینہ ہے۔

مزید خبریں