اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) – سجادہ نشین دربار حضرت بری امام سرکار راجہ محمد اکرم شہید کی برسی کی روحانی تقریب بری امام ہاؤس نورپور شاہاں میں عقیدت و احترام کے ساتھ منعقد کی گئی۔ تقریب میں مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد، علما کرام، نعت خواں حضرات اور عقیدت مندوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
بری امام ہاؤس کے روح رواں راجہ سرفراز اکرم، ریاض جنجوعہ اور محمد وسیم شہزاد جنجوعہ نے مہمانوں کا خیرمقدم کیا۔ تقریب کی صدارت ملک کے ممتاز عالم دین مولانا سید امتیاز حسین شاہ نے کی جنہوں نے حضرت راجہ محمد اکرم شہید کی دینی خدمات اور روحانی ورثے پر روشنی ڈالی۔
تقریب میں معروف نعت خواں عبدالرزاق جامی سمیت دیگر نعت خواں حضرات نے نعت رسول مقبول محمد صلى الله عليه واله وسلم پیش کر کے محفل کو روحانیت سے معطر کر دیا۔ دعائیہ کلمات کے ساتھ تقریب کا اختتام کیا گیا، جس میں ملکی سلامتی، امت مسلمہ کے اتحاد اور مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی گئی۔