بدھ,  02 جولائی 2025ء
محرم الحرام کے دوران بین المذاہب ہم آہنگی اور امن کے قیام کے لیے ضلعی اجلاس، تمام مکاتب فکر سے تعاون کی اپیل

حافظ آباد (شوکت علی وٹو)ڈپٹی کمشنر حافظ آباد عبدالرزاق کی زیرصدارت بین المذاہب ہم آہنگی کمیٹی کا اجلاس منعقدہوا۔ ڈی پی او عا طف نذیر، مقامی علمائے کرام، بین المذاہب ہم آہنگی کمیٹی، امن کمیٹی کے اراکین اور مسیحی برادری کے سرکردہ افراد شریک ہیں۔اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق نے کہا کہ محر م الحرام کے دوران تمام مسالک کے افراد مذہبی رواداری اور ہم آہنگی کو فروغ دیتے ہوئے ضلع بھر میں امن و امان کے قیام اور یکجہتی کا مظاہر ہ کریں۔ ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے محرم الحرا م کے دوران امن و امان کے قیام، جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔بین المذاہب ہم آہنگی کمیٹی اور امن کمیٹی کے اراکین کا بھی فرض ہے کہ وہ محرم کے جلوسوں کے موقع پر اپنی ذمہ داریاں ادا کر تے ہوئے رواداری،بھائی چارہ، اخوت اور یکجہتی کو فروغ دیں۔انکاکہنا تھا کہ اسلام ہمیں ایک دوسرے کے حقوق کے تحفظ کا درس دیتا ہے،ہمیں فرقہ واریت کے خاتمہ کو یقینی بناکر وطن عزیز کو امن کا گہوارہ بنانا ہے۔ انکاکہنا تھا کہ ملکی اور بین الاقوامی موجو دہ صورتحال کے پیش نظر تمام مسالک کے افراد کو یکجہتی اور حب الوطنی کا مظاہر ہ کر تے ہوئے ایک دوسرے کے مسالک کا احترام کرنا چاہیے۔ضلعی انتظامیہ کے تمام محکمے اور پولیس تمام مسالک کی سکیورٹی کے لیے ہمہ وقت الرٹ ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ حافظ آباد میں محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام کے لیے ماضی کی روایات مثالی ہیں اور اُمید ہے کہ اس محرم الحرام کے دوران بھی مقامی علمائے کرام،تمام مسالک کے سرکردہ افراد حکومتی اداروں سے تعاون کر تے ہوئے جلوسوں کی سکیورٹی کے لیے اپنا بھر پور تعاون جاری رکھیں گے۔اس موقع پر بین المذاہب ہم آہنگی کمیٹی اور مسیحی برادری کے سرکردہ افراد نے امن و امان کے قیام کے لیے ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او کو اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔

مزید خبریں