اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) — آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی ہدایت پر محرم الحرام کے پیش نظر اسلام آباد پولیس نے شہر بھر میں فلیگ مارچ کا انعقاد کیا، جس کی قیادت ایس ایس پی آپریشنز محمد شعیب خان نے کی۔ فلیگ مارچ میں ضلعی پولیس، ٹریفک پولیس، سی ٹی ڈی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے شرکت کی۔
مارچ پاکستان اسپورٹس کمپلیکس سے شروع ہو کر شہر کے مختلف علاقوں سے گزرتا ہوا دوبارہ اسی مقام پر اختتام پذیر ہوا۔ حکام کے مطابق اس فلیگ مارچ کا مقصد محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام، اتحاد و یگانگت کے فروغ اور شہریوں کو سیکیورٹی کے حوالے سے اعتماد دلانا ہے۔
ڈی آئی جی اسلام آباد محمد جواد طارق نے کہا کہ تمام مجالس اور جلوسوں کے لیے فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے جا رہے ہیں، اور محرم سے متعلقہ ضابطہ اخلاق اور ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔ سوشل میڈیا پر بھی خصوصی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے، اور مذہبی یا فرقہ وارانہ منافرت پھیلانے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
مزید پڑھیں: ملک کے مختلف علاقوں میں مزید بارش کی پیشگوئی
انہوں نے واضح کیا کہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا۔ ڈی آئی جی نے اسلام آباد کے امن پسند شہریوں سے اپیل کی کہ وہ پولیس اور انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کو یقینی بنایا جا سکے۔