بدھ,  02 جولائی 2025ء
ایم پی اے آمنہ خانم کی باجوڑ دھماکے کی شدید مذمت، شہداء کو خراجِ عقیدت

اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) سابقہ رکن صوبائی اسمبلی آمنہ خانم نے باجوڑ کی تحصیل خار میں صدیق آباد پھاٹک کے قریب سرکاری گاڑی پر ہونے والے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے اس سانحے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

آمنہ خانم نے شہید اسسٹنٹ کمشنر ناواگئی فیصل سلطان، تحصیلدار عبدالوکیل، صوبیدار نور حکیم اور کانسٹیبل رشید کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی عظیم قربانیاں قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔ انہوں نے دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحتیابی کے لیے بھی دعا کی۔

اپنے بیان میں آمنہ خانم نے کہا کہ شہداء کے لواحقین کے غم میں ہم برابر کے شریک ہیں، اور پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے۔ انہوں نے بھارت کے حمایت یافتہ دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ حملے عوام کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔

آمنہ خانم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ قوم دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں اپنی سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، اور شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

مزید خبریں