راولپنڈی(روشن پاکستان نیوز) راولپنڈی کے علاقے اڈیالہ روڈ پر ایک افسوسناک واقعے میں ایک نشے کے عادی شخص عرفان نے اپنی جوان سال بہن اور اس کی دو کمسن بیٹیوں کو شدید مار پیٹ کے بعد گھر سے نکال دیا۔ متاثرہ خاتون اور اس کی بیٹیاں، جن کی عمریں تقریباً ساڑھے چودہ اور بارہ سال بتائی جا رہی ہیں، ساری رات اکیلی، بے سہارا اور بے یارومددگار پارک میں گزارنے پر مجبور ہو گئیں، لیکن نہ کوئی شہری مدد کو آیا اور نہ ہی پولیس یا کسی قانون نافذ کرنے والے ادارے نے ان کی داد رسی کی۔
یہ واقعہ شاہ پور اسٹاپ، اڈیالہ روڈ کے علاقے سفائر ولاز، گلی نمبر 10، نزد گڈ لک بیکرز میں پیش آیا، جو تھانہ چونکی اڈیالہ کے دائرہ اختیار میں آتا ہے۔ متاثرہ خاتون نے واقعے سے قبل کئی بار پولیس کو مدد کے لیے کال کی، مگر شنوائی نہ ہو سکی۔ پولیس کی مبینہ غفلت کے باعث مظلوم ماں اور بیٹیاں رات بھر کھلے آسمان تلے کرب کی حالت میں رہیں۔
واقعے پر شہری حلقوں کی جانب سے شدید غم و غصے کا اظہار کیا جا رہا ہے اور مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ پولیس کے متعلقہ اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے اور متاثرہ خاندان کو فوری تحفظ اور انصاف فراہم کیا جائے۔
مزید پڑھیں: ڈیوٹی چھوڑ کر ٹک ٹاک پر مصروف پولیس اہلکار، وردی کا وقار داؤ پر لگ گیا