سالانہ ضیاالامت سیمینار 9 جولائی کو راولپنڈی میں منعقد ہوگا

راولپنڈی (روشن پاکستان نیوز)الکرم فرینڈز راولپنڈی کے زیرِ اہتمام سالانہ “ضیاالامت سیمینار” بروز بدھ، 9 جولائی 2025 کو راولپنڈی میں منعقد ہو گا، جس کے انتظامات پورے جوش و جذبے سے جاری ہیں۔اس بات کا اعلان حافظ بدر منیر اعوان نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ سیمینار نہایت جلیل القدر روحانی پیشوا، مفسرِ قرآن، اور عاشقِ مصطفی ۖ حضرت پیر محمد کرم شاہ الازہری کی گراں قدر علمی، اصلاحی، فکری اور روحانی خدمات کے اعتراف میں ہر سال منعقد کیا جاتا ہے، جس میں اہلِ علم اور اہلِ دل کی بڑی تعداد شریک ہوتی ہے۔اس سال سیمینار کی صدارت آستانہ عالیہ بھیرہ شریف کے سجادہ نشین، اور جانشینِ حضور ضیا الامت، پیر محمد امین الحسنات شاہ صاحب دامت برکاتہم القدسیہ فرمائیں گے۔حافظ بدر منیر اعوان کے مطابق، اس فکری و روحانی مجلس میں ملک کے نامور علما کرام، مفکرین، دانشور، اور دینی و سماجی شخصیات شریک ہوں گی اور حضرت پیر کرم شاہ الازہری کی ہمہ گیر شخصیت اور خدمات پر اظہارِ خیال کریں گی۔انہوں نے بتایا کہ سیمینار کے انتظامات مختلف کمیٹیوں کے ذریعے خوش اسلوبی سے جاری ہیں۔ شرکت کرنے والے مہمانوں کے لیے سہولت و وقار کو ملحوظ رکھتے ہوئے تمام تر تیاریوں کو جلد مکمل کر لیا جائے گا۔آخر میں حافظ بدر منیر اعوان نے تمام اہلِ علم، محبانِ پیر کرم شاہ، اور دینی ذوق رکھنے والے افراد کو اس عظیم الشان سیمینار میں شرکت کی پرخلوص دعوت دی تاکہ اس مردِ حق کی فکر، نسبت اور پیغام کو زندہ رکھا جا سکے۔

مزید خبریں