اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) — فیڈرل بورڈ آف گورنرز کے حالیہ انتخابات میں حافظ محمد بشارت نے نمایاں کامیابی حاصل کرتے ہوئے 256 ووٹوں کے ساتھ سب پر سبقت حاصل کر لی۔ اس کامیابی نے انہیں بورڈ آف گورنرز میں ایک مضبوط نمائندہ بنا دیا ہے۔
انتخابی عمل میں پاکستان کے ساتھ ساتھ بیرونِ ملک سے بھی بھرپور شرکت دیکھی گئی، جن میں دبئی، سعودی عرب، کویت اور عراق شامل ہیں۔ فیڈرل بورڈ سے الحاق شدہ تمام تعلیمی اداروں نے اپنے ووٹ کا حق استعمال کرتے ہوئے جمہوری عمل میں بھرپور حصہ لیا۔
حافظ محمد بشارت کو جوائنٹ ایکشن کمیٹی راولپنڈی اسلام آباد سمیت ملک بھر کی کئی تعلیمی و سماجی تنظیموں کی بھرپور حمایت حاصل رہی، جس نے ان کی کامیابی کو یقینی بنایا۔
کامیابی کے بعد اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے حافظ محمد بشارت نے کہا:
“یہ فتح میرے اساتذہ، والدین، دوستوں اور تمام معاونین کی دعا، محنت اور تعاون کا نتیجہ ہے۔ میں دل کی گہرائیوں سے ان تمام افراد کا شکر گزار ہوں جنہوں نے مجھ پر اعتماد کیا۔”
انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ وہ اپنے منصب کے ساتھ انصاف کریں گے اور تعلیمی میدان میں بہتری و ترقی کے لیے مسلسل کام کرتے رہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اس اعتماد کو عملی اقدامات سے سچ ثابت کریں گے۔