اتوار,  22 جون 2025ء
بنی گالہ میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری، علاقہ مکین پریشان

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) وفاقی دارالحکومت کے پوش علاقے بنی گالہ میں طویل اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ شدت اختیار کر گیا ہے۔ کئی روز سے مرمتی کام کے نام پر بجلی کی گھنٹوں معطلی معمول بن چکی ہے، جس سے علاقہ مکین شدید ذہنی اذیت اور مشکلات کا شکار ہیں۔

مقامی افراد کے مطابق رات کے اوقات میں بجلی کی بندش معمول بن چکی ہے۔ گزشتہ رات بھی بجلی رات 12 بجے بند ہوئی، جو کئی گھنٹوں بعد بحال کی گئی۔ شدید گرمی میں بچوں، خواتین اور بزرگوں کو سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ متعدد بار شکایات درج کرانے کے باوجود واپڈا کی جانب سے کسی قسم کا تسلی بخش جواب موصول نہیں ہوتا۔ واپڈا کی کارکردگی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مکینوں نے بتایا کہ علاقے میں بار بار ٹرانسفارمر جل جاتے ہیں جبکہ بجلی کی تاروں کا نظام بھی ناقص ہے، جس کے باعث بارہا شارٹ سرکٹ جیسے واقعات پیش آ رہے ہیں۔

مکینوں نے شکوہ کیا کہ ترقیاتی منصوبوں کے لیے بڑے فنڈز مختص کیے جاتے ہیں، مگر ان کا فائدہ عوام تک نہیں پہنچتا۔ شہریوں نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ بنی گالہ میں جاری غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا فوری نوٹس لیا جائے اور بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کی مشکلات میں کمی آسکے۔

مزید خبریں