صحافت پر حملہ پوری دنیا کی آزادی اظہار پر حملہ ہے” — مرکزی کوآرڈینیٹر میاں خرم شہزاد

ہم صحافیوں پر ہونے والے ہر ظلم کے خلاف آواز بلند کرتے رہیں گے” — قائم مقام صدر امجد انصاری

کراچی(روشن پاکستان نیوز) پاکستان میڈیا کونسل کے مرکزی کوآرڈینیٹر کراچی میاں خرم شہزاد نے احتجاج مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران میں میڈیا ہاؤس پر اسرائیلی حملہ عالمی قوانین اور انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ یہ صرف ایران یا کسی ایک ادارے پر حملہ نہیں بلکہ یہ پوری دنیا کی آزاد صحافت پر حملہ ہے، جو ناقابل قبول ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحافی امن، سچ اور انسانیت کی جنگ لڑتے ہیں، اور ان پر حملہ دراصل روشنی کی کرن کو بجھانے کی مذموم کوشش ہے۔ پاکستان میڈیا کونسل کے قائم مقام صدر امجد انصاری نے مظاہرے میں موجود صحافیوں اور وکلاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران میں میڈیا ورکرز کی شہادت اور ادارے کی تباہی قابل افسوس اور قابل مذمت ہے۔ چئیرمین پی ایم سی سندھ مزمل شیخ, ندیم قریشی, ساجد احمد, وسیم ہاشمی, ذوالفقار احمد, سعید لودھی, سمیت صحافیوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی. قائم مقام صدر امجد انصاری نے کہا کہ ہم اس حملے کو ایک جنگی جرم تصور کرتے ہیں اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ فوری نوٹس لیا جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ پاکستان کے صحافی اسرائیل کے اس مجرمانہ فعل پر خاموش نہیں رہیں گے۔ نور اے ملک ایڈوکیٹ (لیگل ایڈ ٹیم، پاکستان میڈیا کونسل) نے قانونی نکتہ نظر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صحافتی اداروں پر حملے، خصوصاً جب وہ جنگ زدہ علاقوں میں رپورٹنگ کر رہے ہوں، نہ صرف انسانی حقوق بلکہ بین الاقوامی جنگی قوانین کی بھی صریح خلاف ورزی ہیں۔ انہوں نے عالمی اداروں، خاص طور پر اقوام متحدہ اور انٹرنیشنل کریمنل کورٹ سے مطالبہ کیا کہ وہ اس حملے کے ذمہ داران کو کٹہرے میں لائیں۔ احتجاج کراچی پریس کلب کے باہر منعقد ہوا۔ مظاہرین نے پلے کارڈز اور بینرز کے ذریعے بھرپور احتجاج کیا۔ پاکستان میڈیا کونسل نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وہ دنیا بھر میں صحافت کی آزادی، میڈیا ورکرز کی حفاظت، اور حقِ سچ کے علمبرداروں کی حمایت میں ہمیشہ پیش پیش رہے گی۔ اس بزدلانہ حملے پر عالمی برادری کی خاموشی مزید خطرناک نتائج کا پیش خیمہ ہو سکتی ہے۔

مزید خبریں