راولپنڈی (سٹاف رپورٹر )ریسٹورنٹ، کیٹررز، سوئیٹس اینڈ بیکرز ایسوسی ایشن کے اعلیٰ سطحی وفد نے سرپرست اعلیٰ چوہدری نعیم کی سربراہی میں کمشنر پنجاب ریونیو اتھارٹی (پی آر اے) راولپنڈی خالد یامین ستی سے اہم ملاقات کی۔ملاقات کے دوران ایسوسی ایشن کے صدر محمد فاروق چوہدری نے ریسٹورنٹس اور شادی ہالز کی رجسٹریشن کے حوالے سے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے حالیہ فیصلے کا خیر مقدم کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ رجسٹریشن کے اس عمل کو بلا تفریق عمل میں لایا جائے۔قبل ازیں کمشنر پنجاب ریونیو اتھارٹی (پی آر اے) راولپنڈی خالد یامین ستی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لئے فوڈ کا کاروبار کرنے والے تاجروں کی رجسٹریشن کا عمل مکمل کروایا جائے اور ایسے فوڈ پوائنٹ جہاں روزانہ 17000 سے زائد خریدوفروخت کا کاروبار ہو انہیں ہر صورت پنجاب ریونیواتھارٹی میں رجسٹرڈ کیا جائے ،کمشنر پنجاب ریونیو اتھارٹی خالد یامین ستی نے تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی میں فوڈ کا کاروبار کرنے والے تمام تاجروں کی رجسٹریشن کی جائے گی اور شہر کے تمام بازاروں میں جاکر پی آر اے کی ٹیمیں رجسٹریشن کا عمل مکمل کر رہی ہیں ۔ایسوسی ایشن کے چئیرمین حاجی ممتاز احمد نے کہا ہے کہ رجسٹریشن کے عمل کو شفاف بنانے کے لیے تمام فوڈ پوائنٹس کا ڈیٹا اکھٹا کیا جائے اور پہلے نوٹسز جاری کئے جائیں تاکہ لوگ خود اپنے کاروبارکو رجسٹرڈ کروائیں اور اس عمل کے لئے پی آر اے دفتر میں سہولت کاؤنٹر بنایا جائے جس میں عملہ اور قانونی معاون موجود ہو جو تاجروں کو رجسٹریشن کے طریقہ کار اور قوانین کے بارے میں آگاہ کرسکیں تاکہ انہیں ایف بی آر یا کسی متعلقہ ادارے میں مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔وفد نے کہا کہ فوڈ پوائنٹس کی رجسٹریشن کا کامیاب بنانے کے لئے آگاہی سیمینار کے ساتھ خصوصی مہم شروع کی جائے جس کے لئے ہم پی آر اے سے مکمل تعاون کریں گے۔اس موقع پر ایڈیشنل کمشنر صائمہ یونس ،آڈٹ آفیسر عدیل احسن ،ایسوسی ایشن کے دیگر عہدیداران چوہدری ظفر انور،چوہدری زاہد محمود،سلیم رضا بٹ،حذیفہ انصار،سردار اعجاز ولایت،طارق خان،نوید عباسی بھی موجود تھے۔
