کڑیانوالہ (روشن پاکستان نیوز) — کڑیانوالہ میں ستھرا پنجاب صفائی کمپنی کی ناقص کارکردگی شہریوں کے لیے شدید پریشانی کا باعث بن گئی ہے۔ علاقے میں جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر، بدبو، اور سیوریج کا ناقص نظام عوام کی صحت اور روزمرہ زندگی پر منفی اثر ڈال رہا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ کمپنی نہ صرف صفائی کے معیار پر پورا نہیں اُتر رہی بلکہ جب کوئی فرد شکایت کرے یا صفائی کا مطالبہ کرے تو عملہ بدتمیزی اور دھمکیاں دینے لگتا ہے۔
مقامی لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت کئی بار صفائی کروائی، لیکن یہ مستقل حل نہیں۔ “ہم ٹیکس دیتے ہیں، پھر بھی گلیوں میں کوڑا کرکٹ پڑا رہتا ہے، بدبو سے بچوں اور بزرگوں کا جینا دوبھر ہو گیا ہے،” ایک شہری نے شکایت کی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر ستھر پنجاب کے ٹھیکیدار کو تبدیل کیا جائے اور کسی مؤثر کمپنی کو ذمہ داری سونپی جائے۔
عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر حالات یونہی رہے تو وہ احتجاج کا دائرہ وسیع کریں گے اور ضلعی انتظامیہ سے بھرپور جواب دہی کا مطالبہ کریں گے۔
مزید پڑھیں: ٹکرکی پولیس یا ٹک ٹاکر پولیس! پنجاب پولیس کی وردی کی توہین پر عوام میں شدید ناراضگی
علاقہ مکینوں نے وزیراعلیٰ پنجاب اور متعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ کڑیانوالہ کے عوام کو صفائی جیسی بنیادی سہولت کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور ستھر پنجاب کمپنی کی ناقص کارکردگی کا نوٹس لیا جائے۔