لوگوں کو لوٹنے والوں کا انجام عبرتناک ہوتا ہے، علامہ الیاس قادری

کراچی (روشن پاکستان نیوز) امیر اہل سنت حضرت علامہ محمدالیاس عطارقادری دامت برکاتہم العالیہ نے چور ، ڈاکوؤں سے حفاظتی تدابیر اختیار کرنے سے متعلق بیان کرتے ہوئے کہا کہ اللہ پاک سب کو اپنی حفظ و امان میں رکھے، مسائل بہت زیادہ ہیں لہذا جب بھی گھر سے نکلیں تو “یا حفیظ یا سلام” گیارہ مرتبہ پڑھ لیا کریں تو اللہ کی رحمت سے حفاظت بھی ہوگی اور سلامت بھی رہیں گے، اگر اس کو عادت بنا لیا جائے تو مزید برکتیں حاصل ہوں گی،ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی چیز کی خریداری کیلئے رقم ساتھ لے کر جانا خطرناک ہے، اس لئے ادائیگی کے دیگر طریقے جن کی جائز صورت ہو اس کے مطابق عمل کیا جائے۔امیرِ اہلِ سنت نے کہا کہ دنیا کے کئی ممالک میں امن ہے جہاں لوگ پرسکون زندگی گزارتے ہیں، لیکن ہمارے معاشرے میں بے چینی اور افرا تفری کا عالم ہے، اگر انتظامیہ شفقت سے پیش آئے اور لوگوں سے دعائیں لے کر ان کے ساتھ تعاون کرے تو مسائل پر قابو پانا ممکن ہوگا۔امیر اہل سنت نے کہا کہ وہ ڈاکو ظالم ہیں جو لوگوں کی جمع پونجی اور زندگی بھر کی کمائی چھین لیتے ہیں، لوگ اجڑ جاتے ہیں اور ان کے خاندان بھی برباد ہو جاتے ہیں، لیکن ڈاکوؤں کو اس کا احساس نہیں ہوتا، یاد رکھیں ڈکیتی میں تین بڑے جرم شامل ہوتے ہیں ایک غیر کے مال پر ناجائز قبضہ، دوسرا اعلانیہ بے باکی سے مال چھین لینا اور تیسرا دل کی سختی کہ لوگوں کی آہ و بکا پر بھی رحم نہ آتا ہو، اسلحہ پکڑ کر خود کو طاقتور سمجھنے والے چند دن مزے کرتے ہیں لیکن بعد میں ان کا انجام عبرتناک ہوتا ہے، ظالموں کے مرنے کے بعد لوگ خوشیاں مناتے ہیں اور کوئی ان کیلئے ایصال ثواب نہیں کرتا۔ امیر اہل سنت نے چوروں اور ڈاکوؤں کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ چپکے سے مال لینے والے کو چور اور سرعام مال چھیننے والے کو ڈاکو کہا جاتا ہے اور یہ دونوں کام گناہ، حرام اور جہنم میں لے جانے والے ہیں، جو اسلحہ کے زور پر لوگوں سے نقدی اور قیمتی سامان چھین لیتے ہیں وہ اللہ سے ڈریں کیونکہ جو شخص اپنے مسلمان بھائی کو ہتھیار سے ڈراتا ہے اس پر فرشتے لعنت کرتے ہیں یہاں تک کہ وہ باز آجائے،امیرِ اہلِ سنت نے دعا کی کہ اللہ پاک ہم سب کا ایمان سلامت رکھے۔

مزید خبریں