اسلام آباد (اصغر علی مبارک) — قومی اسمبلی کے ڈائریکٹر جنرل میڈیا ظفر سلطان خان نے بجٹ اجلاس کے دوران مثالی تعاون پر پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن (PRA) کا شکریہ ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ سیشن کے دوران میڈیا کا کردار قابل تعریف رہا، اور پریس گیلری پارلیمنٹ کا ایک اہم حصہ ہے جس نے اس قومی فریضے میں بھرپور طریقے سے اپنا کردار ادا کیا۔
ڈی جی میڈیا نے پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن کے صدر عثمان خان، سیکریٹری نوید چودھری، نائب صدر احمد نواز، فنانس سیکریٹری اصغر چودھری، انفارمیشن سیکریٹری جاوید حسین، جوائنٹ سیکریٹری شاکر عباسی اور گورننگ باڈی کے ارکان آسیہ انصار، جاوید نور، عائشہ ناز، نادر گورمانی، عبدالرزاق کھاٹی، عاطف شیرازی اور صائمہ ملک کا بجٹ سیشن میں بہترین کوریج اور تعاون پر خصوصی شکریہ ادا کیا۔
ڈی جی میڈیا نے کہا کہ بجٹ اجلاس کے دوران پارلیمنٹ میں آنے والے ملک بھر کے صحافیوں اور بین الاقوامی میڈیا نمائندوں نے بھی قومی اسمبلی کی جانب سے دی گئی سہولیات کو سراہا۔ اجلاس کی کارروائی اور بجٹ دستاویزات کی بروقت ڈیجیٹل اور ہارڈ کاپی فراہمی پر صحافی برادری نے اظہار تشکر کیا۔
ظفر سلطان خان کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے میڈیا امور کی نگرانی، میڈیا حکمت عملی کی تشکیل و نفاذ، صحافیوں سے رابطہ، درست معلومات کی ترسیل، میڈیا انکوائریوں کا جواب، اور پریس کانفرنسز و میڈیا ایونٹس کا انعقاد ڈی جی میڈیا کے فرائض کا حصہ ہیں۔ ان کا مقصد قومی اسمبلی کی سرگرمیوں کی شفاف اور موثر کوریج کو ممکن بنانا ہے تاکہ عوام کو بروقت اور مصدقہ معلومات فراہم کی جا سکیں۔
انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ آئندہ بھی میڈیا اور قومی اسمبلی کے درمیان مثبت اور تعمیری تعلقات کا سلسلہ جاری رہے گا۔