کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان میڈیا کونسل کے مرکزی کوآرڈینیٹر میاں خرم شہزاد اور پی ایم سی سندھ کے چیئرمین مزمل شیخ نے پاکستان میڈیا کونسل کے پیٹرن ان چیف سعید شاہ سے اہم ملاقات کی اور ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد اور پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔ ملاقات کا مقصد نہ صرف ادارے کے جاری منصوبوں پر مشاورت تھا بلکہ مستقبل کے لائحہ عمل پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران پاکستان میں آزادی صحافت، میڈیا کی پیشہ ورانہ تربیت اور میڈیا سے جڑے مسائل پر گفتگو کی گئی۔ پاکستان میڈیا کونسل کی حالیہ کارکردگی، بڑھتے ہوئے کردار اور قومی سطح پر میڈیا کو منظم کرنے کی کوششوں کو بھی سراہا گیا۔ سعید شاہ نے بہترین قیادت پر میاں خرم شہزاد اور پاکستان میڈیا کونسل کی پوری ٹیم کو کامیاب “یوم تشکر ریلی” پر مبارکباد دی. انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ “پی ایم سی” مستقبل میں بھی اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں نبھاتا رہے گا اور ملکی صحافت کی بہتری کے لیے اپنا کلیدی کردار ادا کرتا رہے گا۔ ملاقات ایک خوشگوار ماحول میں انجام پائی اور آخر میں قومی میڈیا کی ترقی اور اتحاد کے لیے مشترکہ عزم کا اظہار کیا گیا۔
