اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز)وطن عزیز کی سلامتی اور افواج پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے یونائیٹڈ ٹرانسپورٹ سروسز کے جنرل سیکریٹری نیاز خان، پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنماچوہدری واجد ایوب کی قیادت میں یوم تکبیر ریلی کاانعقاد کیا گیا جوسری نگر ہائی وے سے ڈی چوک پر اختتام پذیر ہوئی ریلی میں مختلف مکاتب فکر کے شہریو ں نے بھرپور انداز میں سبز ہلالی پرچم اور سپہ سالار فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کے پلے کارڈ اٹھائے ہوئے تھے، شرکاء نے جذبہ حب الوطنی سے سرشار ہو کر فلک شگاف نعرے لگائے اور افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا، ریلی سے خطاب کرتے ہوئے نیاز خان اور چوہدری واجد ایوب نے کہا کہ آج کی تاریخ ساز ریلی اس بات کا ثبوت ہے کہ پوری قوم متحد ہے اور افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، دشمن کی بزدلانہ کاروائیاں ہمارے جذبوں کو کم نہیں کر سکیں بلکہ ہم پہلے سے زیادہ مضبوط اور خطرناک ہو چکے ہیں، ہم امن پسند لوگ ہیں لیکن بھارت نے رات کے اندھیرے میں بزدلانہ کاروائی کی اور ہماری سرحدوں کو عبور کر کے نہتے شہریوں پر حملہ کیا جس کے جواب میں ہماری پاک فضائیہ نے بھارت کے دفاعی تنصیبات تباہ کر کے یہ ثابت کر دیا کہ پاکستان کی فوج دنیا کی بہترین فوج ہے اور جذبہ ایمانی سے سرشار ہے، گزشتہ کئی دنوں سے مودی سرکار پاکستان کے نہتے شہریوں پر رات کے اندھیرے میں بزدلانہ حملے کر رہی تھی لیکن پاک فوج نے ان تمام بزدلانہ کاروائیوں کا بھر پور منہ توڑ جواب دیا اور بھارت کو سبق سکھایا کہ ہماری فوج کسی سے کم نہیں ہے اور ہم کسی بھی کاروائی کا منہ توڑ جواب دینا جانتے ہیں۔
