کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان میڈیا کونسل (رجسٹرڈ) کے مرکزی کوآرڈینیٹر میاں خرم شہزاد نے اپنے بیان میں کہا کہ دشمن کی حالیہ بزدلانہ جارحیت کے خلاف پاک فوج کی بروقت اور دندان شکن کارروائی کو سراہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری مسلح افواج نے ایک بار پھر یہ ثابت کر دیا ہے کہ پاکستان کی سرحدوں کا دفاع ناقابل تسخیر ہے اور ہر پاکستانی سپاہی مادرِ وطن کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہے۔ میاں خرم شہزاد نے کہا کہ افواجِ پاکستان کی جرات، پیشہ ورانہ مہارت اور جذبہ قربانی ہماری قومی سلامتی کی مضبوط ترین ضمانت ہے۔ قوم اپنے بہادر سپاہیوں کو سلام پیش کرتی ہے جو دن رات جاگ کر ہماری سلامتی کے ضامن بنے ہوئے ہیں۔ پاکستان میڈیا کونسل کراچی چیپٹر کے نائب صدر امجد انصاری نے کہا کہ پاکستان کے عوام اپنی افواج کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے ہیں۔ دشمن کو جان لینا چاہیے کہ پاک فوج کے ساتھ ساتھ پوری قوم متحد اور مستعد ہے۔ جو قومیں اپنے محافظوں کو عزت دیتی ہیں وہ کبھی شکست نہیں کھاتیں. کراچی چیپٹر کے انفارمیشن سیکریٹری ساجد احمد نے کہا کہ مادرِ وطن کے دفاع میں جان قربان کرنے والے شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ ان کا لہو ہماری آزادی کا چراغ ہے اور ان کے اہل خانہ ہمارے دلوں میں بستے ہیں. آخر میں رہنماؤں نے شہداء کے درجات کی بلندی اور ان کے اہلِ خانہ کے لیے صبر و حوصلے کی دعا کی اور عزم ظاہر کیا کہ پاکستان میڈیا کونسل ملک کی سالمیت اور خودمختاری کے تحفظ میں پاک فوج کے شانہ بشانہ ہے۔ اللہ پاکستان کو سلامت رکھے اور ہمارے محافظوں کو ہر آفت سے محفوظ فرمائے.
