منگل,  26  اگست 2025ء
حافظ آباد: حکومتی و اپوزیشن رہنماؤں کی افواج پاکستان سے اظہارِ یکجہتی، مشترکہ ریلی کا انعقاد

حافظ آباد(شوکت علی وٹو) حافظ آباد میں حکومتی اور اپوزیشن جماعتوں کے ارکان اسمبلی نے پاکستان کی حفاظت اور افواج پاکستان کے حق میں مشترکہ ریلی نکال کر اتحادو اتفاق اور یکجہتی مثال قائم کر دی۔حکومتی اور اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے ڈسٹرکٹ کمپلیکس سے افواج پاکستان کی حمایت میں ریلی نکالی۔ ریلی کی قیادت وزیر اعلیٰ مریم نواز کی کوارڈنیٹر،سابق وفاقی وزیر سائرہ افضل تارڑ،پاکستان تحریک انصاف کے ایم پی اے چودھری ضمیر الحسن بھٹی،استحکام پاکستان پارٹی کے ٹکٹ ہولڈر مامون جعفر تارڑ نے کی۔ ریلی میں ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق، ڈی پی او عاطف نذیرسمیت مختلف سیاسی،دینی، مذہبی اورسماجی تنظیموں کے مقامی رہنماؤں اور دیگر سرکاری افسران بھی شریک تھے۔سابق وفاقی وزیر،وزیر اعلیٰ کی کوارڈنیٹر سائرہ افضل تارڑ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے رات کی تاریکی میں پاکستان پر حملہ کر کے جو بزدلانہ کاروائی کی،پاک فضائیہ اور افواج پاکستان نے فوراََ اس کا منہ توڑ جواب دیا، اور ثابت کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج دنیا کی بہترین فوج ہے۔آج پوری قوم اپنے وطن اور افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔پی ٹی آئی کے ایم پی اے چودھری ضمیر الحسن بھٹی کا کہنا تھا کہ بحثیت مسلمان سب سے پہلے ہم پاکستانی ہیں اور اپنی مسلح افواج کے ساتھ کھڑے ہیں۔ہم دشمن بھارت کو اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے۔پاکستان اور اپنی افواج کے لیے ہم سب ایک ہیں۔استحکام پاکستان پارٹی کے ٹکٹ ہولڈر مامون جعفر تارڑ نے کہا کہ بزدل دشمن نے رات کے اندھیرے میں جو حملہ کیا، پاکستان افواج نے اس کا جواب فوری طور پر دیا۔ آج آپس میں یکجہتی اور اتفاق کا دن ہے اور دشمن کو یہ بتانا ہے کہ ہم پاکستانی قوم اپنی افواج کے ساتھ ہیں۔

مزید خبریں