اسلام آباد ( روشن پاکستان نیوز ) شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے اپنے بیان میں بھارت کی جانب سے بغیر ثبوت پہلگام حملے کا الزام پاکستان پر لگانے کی شدید مذمت کرتے ہیں، بھارت کی اشتعال انگیزی اور آبی جارحیت خطے کے امن کو تہہ و بالا کر سکتی ہے، ایٹمی ہتھیار سے لیس ریاست کا ہمسایہ ملکوں پر غیر قانونی دباؤ اور جارحانہ انداز انتہائی غیر سنجیدہ سوچ کا عکاس ہے اور عالمی قوانین کی بھی صریحا خلاف ورزی ہے، جس کا عالمی برادری کو سخت نوٹس لینا چاہئے، مقبوضہ جموں و کشمیر میں پیش آنے والا واقعہ افسوسناک ہے، جس میں بے گناہ افراد کی جانیں ضائع ہوئی ہیں، ہم اس واقعے میں اپنی جان کی بازی ہارنے والے افراد کے لواحقین سے تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کرتے ہیں، یہ افسوسناک سانحہ ہمیں مقبوضہ کشمیر میں جاری بھاری ظلم و ستم کی حقیقی صورتحال سے غافل نہیں کر سکتا، جہاں نریندر مودی کی حکومت کے تحت کشمیری عوام کو منظم ریاستی جبر کا سامنا ہے، دہائیوں سے بھارت کشمیری عوام کو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق دیا گیا حقِ خودارادیت دینے سے انکار کرتا آ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں یہ حقیقت بھی فراموش نہیں کرنی چاہیے کہ مودی سرکار اپنی خفیہ ایجنسیوں کے ذریعے ریاستی دہشت گردی، یہاں تک کہ بیرونِ ملک اپنے سیاسی مخالفین کے قتل جیسے غیر قانونی اور غیر انسانی حربے آزما چکی ہے، جس کے ثبوت دنیا بھر میں ٹارگٹ کلنگز کی صورت میں سامنے آ چکے ہیں، پاکستانی قوم دشمن کو منہ توڑ جواب دینے کے لیے متحد اور اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، نریندر مودی حکومت کی خطے کے دوسرے ممالک پر چڑھ دوڑنے اور اپنی بالادستی قائم کرنے کی سوچ خطرناک ہے۔
مزید پڑھیں: پاکستان میں دہشتگردی ہوئی تو بھارت بھی محفوظ نہیں رہے گا، وزیر دفاع کی وارننگ