جمعرات,  24 اپریل 2025ء
علی رحمان ملک کا لیڈی فاطمہ چرچ کا دورہ، پوپ فرانسس کے انتقال پر تعزیت

اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) — انسٹی ٹیوٹ آف ریسرچ اینڈ ریفارمز انٹرنیشنل (IRR انٹرنیشنل) کے چیئرمین علی رحمان ملک نے آج اسلام آباد میں واقع لیڈی فاطمہ چرچ کا دورہ کیا اور رومن کیتھولک چرچ کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس کے انتقال پر دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ریاض علی طوری بھی موجود تھے۔

علی رحمان ملک نے چرچ میں تعزیتی ڈیسک پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور پوپ فرانسس کے ایصالِ ثواب کے لیے خصوصی دعا میں شرکت کی۔ اپنے خطاب میں انہوں نے پوپ فرانسس کی انسانیت، عاجزی، امن اور بین المذاہب ہم آہنگی کے لیے کی گئی بے مثال خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پوپ فرانسس دنیا بھر کے کروڑوں لوگوں کے لیے امید اور بھائی چارے کا استعارہ تھے، اور ان کا محبت و اتحاد کا پیغام نسلوں تک انسانیت کو متاثر کرتا رہے گا۔

راولپنڈی اور اسلام آباد کے ڈائوسیز کے سیکرٹری جنرل فادر سلویسٹر جوزف نے علی رحمان ملک کے دورے اور ان کے جذبۂ ہمدردی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس موقع پر مرحوم سینیٹر اے رحمان ملک کی مسیحی برادری کے ساتھ دیرینہ وابستگی اور خدمات کو بھی یاد کیا۔ فادر سلویسٹر جوزف نے کہا کہ “سینیٹر رحمان ملک اقلیتوں کے سچے محافظ اور دوست تھے، جنہوں نے ہمیشہ کرسمس، ایسٹر اور دیگر مذہبی مواقع پر ہمارے ساتھ کھڑے ہو کر یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔”

یہ دورہ پاکستان میں مذہبی ہم آہنگی، بین المذاہب احترام اور اقلیتوں کے حقوق کے لیے ملک خاندان کی مستقل وابستگی کا مظہر تھا۔ علی رحمان ملک نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ IRR انٹرنیشنل اور رحمان ملک فاؤنڈیشن ملک میں تمام مذاہب اور طبقات کے درمیان برداشت، انصاف اور اتحاد کے فروغ کے لیے بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے۔

مزید خبریں