منگل,  22 اپریل 2025ء
امریکہ عالم اسلام کو خاموش کر کے مسلمانوں کو غلام بنانا چاہتا ہے، مرزا تجمل بیگ

حافظ آباد (شوکت علی وٹو)جمعیت علمائے پاکستان ضلع حافظ آباد کا ایک اہم اجلاس ضلعی کنوینر صاحبزادہ محمد مدثر حسین وٹو کی رہائش گاہ پر منعقد ہوا، جس کی صدارت صوبائی نائب صدر مولانا غلام مصطفےٰ سلطانی نے کی۔ اجلاس سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے جمعیت علمائے پاکستان پنجاب کے جنرل سیکرٹری مرزا تجمل بیگ نے کہا کہ امریکہ عالم اسلام کو خاموش کر کے انہیں فکری و عملی غلامی میں جکڑنا چاہتا ہےانہوں نے کہا کہ اسرائیل اس وقت فلسطین میں نہتے مسلمانوں، معصوم بچوں اور خواتین پر ظلم و بربریت کی انتہا کر رہا ہے۔ گولہ باری، نسل کشی اور بستیوں کی تباہی کے باوجود امریکہ اسرائیل کی کھلم کھلا حمایت کر رہا ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ امریکہ انسانی حقوق کے نام پر محض دوہرا معیار رکھتا ہے مرزا تجمل بیگ کا کہنا تھا کہ ظلم و ستم کی یہ داستانیں حیوانیت کو بھی شرما دیتی ہیں، مگر افسوس کہ 58 مسلم ممالک کے حکمران امریکی خوف کے باعث خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح جادو گر کی جان طوطے میں ہوتی ہے اس طرح امریکہ کی جان اسرائیل میں بستی ہے، اور جب تک اسرائیلیوں کا ناپاک وجود ارضِ مقدس پر موجود ہے، امت مسلمہ سکون سے نہیں رہ سکتی انہوں نے کہا کہ مسلمان حکمران صرف اپنی باری کا انتظار کر رہے ہیں کہ کب امریکہ ان پر حملہ کرے، حالانکہ بطور مسلمان ہمارا ایمان ہے کہ زندگی، موت، عزت و ذلت صرف اللہ تعالیٰ کے اختیار میں ہے۔ ہمیں کفار کے خوف کو ترک کر کے ایمان، اتحاد اور جرات کا مظاہرہ کرنا ہو گا اجلاس میں مقررین نے فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے اسرائیلی مظالم اور امریکی پشت پناہی کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ شرکاء نے مطالبہ کیا کہ عالم اسلام فوری طور پر فلسطینی عوام کی حمایت میں مشترکہ اور مؤثر لائحہ عمل اختیار کرے اور قبلۂ اول کے تحفظ کے لیے بھرپور کردار ادا کرے۔

مزید خبریں