هفته,  19 اپریل 2025ء
پاکستان میڈیا کونسل کے اعلی سطحی وفد کی پی ایم سی کے نومنتخب صدر سندھ محمد علی ابڑو سے ملاقات

صحافتی اقدار، آزادی اظہار رائے اور صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے کام کرتے رہیں گے۔ میاں خرم شہزاد

کراچی (روشن پاکستان نیوز) پاکستان میڈیا کونسل کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے مرکزی کوآرڈینیٹر میاں خرم شہزاد کی قیادت میں پی ایم سی سندھ کے نومنتخب صدر محمد علی ابڑو سے خصوصی ملاقات کی۔ ملاقات میں تنظیم کی بہتری صحافیوں کو درپیش مسائل، میڈیا انڈسٹری کو درپیش چیلنجز اور میڈیا کی ترقی و تحفظ کے امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ وفد میں پی ایم سی سندھ کے چیئرمین مزمل شیخ، پی ایم سی کراچی کے صدر معین اللہ شاہ، نائب صدر کراچی امجد انصاری، عمران بیگ، سینئر فوٹوگرافر ایمنویل سیموئیل (گڈو بھائی)، زوہیب راجپوت اور دیگر اہم ممبران شامل تھے۔ اس موقع پر نومنتخب صدر محمد علی ابڑو کو پھولوں کا گلدستہ پیش کیا گیا اور ان کو پی ایم سی صدر سندھ کی ذمہ داریاں سنبھالنے پر دلی مبارکباد پیش کی گئی۔ مرکزی کوآرڈینیٹر میاں خرم شہزاد نے دوران گفتگو کہا کہ ہم محمد علی ابڑو کو سندھ کی صدارت سنبھالنے پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہیں سادہ طبیعت، وژن اور جدوجہد کا ہم سب کو ادراک ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ وہ میڈیا سے جڑے تمام مسائل کو احسن انداز میں حل کریں گے اور صحافیوں کے مفادات کا بھرپور تحفظ کریں گے۔ پاکستان میڈیا کونسل ہمیشہ صحافتی اقدار، آزادی اظہار رائے، اور کارکن صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے سرگرم رہی ہے۔ محمد علی ابڑو جیسے فعال، وژنری اور اصول پسند رہنما کی قیادت میں سندھ میں پی ایم سی کی کارکردگی مزید بہتر اور مؤثر ہوگی۔ یہ ملاقات اس بات کا عملی مظہر ہے کہ پاکستان میڈیا کونسل ایک متحد پلیٹ فارم ہے جو صرف بیانات پر نہیں بلکہ عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے۔ نومنتخب صدر کو مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہیں ہم مل کر صحافتی برادری کو درپیش چیلنجز کا مؤثر حل نکال سکیں۔ نومنتخب صدر سندھ محمد علی ابڑو نے پاکستان میڈیا کونسل کے بانی و مرکزی صدر مہر حمید انور اور مرکزی قیادت، وفد اور پی ایم سی کے تمام ممبران کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے مجھ پر اعتماد کیا۔ میں اس بات کا وعدہ کرتا ہوں کہ صحافی برادری کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کروں گا۔ تنظیمی، میڈیا ہاؤسز اور صحافیوں کی فلاح و بہبود اور حقوق کے لیے ہر ممکن کوشش کرونگا۔ ملاقات نہایت خوشگوار ماحول میں ہوئی اور فیصلہ کیا گیا کہ مستقبل میں سندھ کے ہر علاقے میں میڈیا ورکشاپس، سیمینارز اور صحافیوں کی تربیتی نشستیں باقاعدگی سے منعقد کی جائیں گی۔ وفد کی جانب سے اس امید کا اظہار کیا گیا کہ محمد علی ابڑو کی قیادت میں پاکستان میڈیا کونسل سندھ میں ایک نئے مثبت باب کا آغاز ہوگا۔

مزید خبریں