اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے منعقدہ انٹرنیشنل ہاکی چیمپئن شپ میں پاکستان اور عمان کی ٹیموں کے درمیان دلچسپ فائنل میچ کھیلا گیا۔ اس موقع پر روڈن انکلیو کے جنرل منیجر محمد راشد کو بطور مہمان خصوصی مدعو کیا گیا۔
محمد راشد نے اپنے انٹرویو میں پاکستان کی فتح پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی جیت ہمارے لیے باعث فخر ہے اور ہم قومی ہاکی ٹیم کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہاکی پاکستان کا قومی کھیل ہے اور روڈن انکلیو ہر ممکن طریقے سے اس کی مکمل حمایت جاری رکھے گا۔
روڈن انکلیو کے برانڈ ایمبیسیڈر محمد اشتیاق کیانی نے عمانی ٹیم کے کپتان شاکر کا خصوصی شکریہ ادا کیا جنہوں نے دونوں ملکوں کے درمیان اس اہم ایونٹ کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ اشتیاق کیانی نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں شاکر مزید بڑے اور شاندار ایونٹس کے انعقاد میں بھی اپنا کردار ادا کریں گے۔
محمد راشد نے محمد اشتیاق کیانی کو ہدایت جاری کی کہ ہاکی کے لیے جو بھی خدمات درکار ہوں، فوری طور پر آگاہ کریں تاکہ ان پر فوری عملدرآمد کیا جا سکے۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر طارق مسعود کھوکھر اور سیکریٹری جنرل رانا مجاہد نے محمد راشد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم ہاکی کو دوبارہ اسی مقام پر لے جانے کے لیے پرعزم ہیں جہاں کبھی پاکستان نے اولمپکس میں میڈلز جیتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل ٹیموں کی پاکستان آمد اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستانی ہاکی ایک بار پھر عالمی سطح پر اپنا مقام حاصل کرنے کی جانب گامزن ہے۔
پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم کے کوچ صابر علی نے روڈن انکلیو کی جانب سے دی گئی میزبانی اور ٹیم کو دی گئی عزت پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم بچوں پر مزید محنت کریں گے تاکہ عالمی سطح پر پاکستان کے لیے میڈل حاصل کیے جا سکیں۔
رائزنگ سٹار ہاکی کلب کے صدر نے کہا کہ ہمارا مقصد صرف پاکستان میں ہی نہیں بلکہ دنیا بھر میں ہمارے نوجوان کھلاڑیوں کو نمائندگی دلوانا ہے۔ اشتیاق کیانی نے بتایا کہ روڈن انکلیو کئی منصوبوں پر کام کر رہا ہے اور انشاءاللہ مستقبل میں ہاکی کو ایک اعلیٰ سطح پر فروغ دیا جائے گا۔
تقریب میں سابق ڈی جی پاکستان اسپورٹس بورڈ اختر نواز گنجیرا، ڈپٹی ڈی جی شاہد اسلام اور نصر اللہ رانا بھی شریک ہوئے۔ روڈن انکلیو کی جانب سے پاکستان اور عمان دونوں ٹیموں کو اعزازی شیلڈز دی گئیں، جبکہ عمان کے سفیر کو بھی محمد راشد نے شیلڈ پیش کی۔
اختتام پر محمد راشد نے اعلان کیا کہ روڈن انکلیو ہر وقت کھلا ہے اور اگر کسی کو کسی بھی مسئلے کا سامنا ہو، تو روڈن انکلیو مکمل تعاون کے لیے تیار ہے۔