هفته,  12 اپریل 2025ء
وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کا اسلام آباد ہائی کورٹ کا دورہ، وکلا کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی

اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے اسلام آباد ہائی کورٹ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے سی ڈی اے حکام کے ہمراہ وکلا دفاتر، اٹارنی جنرل آفس، بار روم، بار آفسز اور زیر تعمیر پارکنگ بلاک کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ان شاءاللہ تین ماہ کے اندر یہ بلاک مکمل کر لیا جائے گا۔

وفاقی وزیر نے مختلف قانونی مسائل پر بات کرتے ہوئے کہا کہ 26ویں آئینی ترمیم کے بعد انصاف کی فراہمی کے نظام میں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی اولین ترجیح وکلا کے مسائل کا حل ہے، اور پورے ملک میں وکلا کے لیے 12 ارب روپے کے منصوبے شروع کیے جا چکے ہیں۔

اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ وہ خود ایک پیشہ ور وکیل ہیں اور وکلا کے مسائل سے بخوبی واقف ہیں۔ انہوں نے کہا، “میں آپ میں سے ہوں اور آپ سب وکلا میرا کنبہ ہیں، میری تمام کوششیں وکلا کی فلاح و بہبود کے لیے بلا تفریق جاری رہیں گی۔”

دورے کے موقع پر راجہ ضمیرالدین احمد (اسسٹنٹ اٹارنی جنرل)، سید واجد گیلانی (صدر اسلام آباد ہائی کورٹ بار)، چوہدری منظور ججہ (سیکریٹری جنرل اسلام آباد ہائی کورٹ بار)، علیم عباسی (اسلام آباد بار کونسل)، سردار عمر اسلم (ایڈیشنل اٹارنی جنرل)، فیصل عرفان (ڈپٹی اٹارنی جنرل) اور عثمان گھمن (اسسٹنٹ اٹارنی جنرل) بھی موجود تھے۔

مزید پڑھیں: راجہ ضمیر الدین احمد کی رانا ثناءاللہ خان سے اہم ملاقات

مزید خبریں