مدینہ منورہ (نمائندہ خصوصی) سابق گورنر پنجاب میاں بلیغ الرحمنٰ کی صاحبزادی ڈاکٹر ہانیہ رحمنٰ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئیں، مدینہ منورہ میں نکاح پڑھا گیا دولہا اور دلہن نے عزیز و واقارب سمیت روضہ رسولؐ اور مسجد قباء پر حاضری بھی دی۔
مدینہ منورہ میں سابق گورنر پنجاب میاں بلیغ الرحمن کی صاحبزادی ڈاکٹر ہانیہ رحمن کی شادی خانہ آبادی نامور ڈاکٹر ندیم احمد دانیال اور ڈاکٹر حناء ندیم کے صاحبزادے ڈاکٹر مبین احمد دانیال کے ساتھ بخوبی سرانجام پائی، مسجدِ نبوی صلی اللہ علیہ وسلم میں ریاض الجنة سے قریبی صحن میں نکاح کی رسم ادا کی گئی، اس موقع پر شکرانے کے نوافل بھی ادا کئے گئے۔
نکاح مسجد نبویٌ کے معلم ڈاکٹر الشیخ محمد خالد احترام نے پڑھایا بعدازاں مسجدِ قباء میں دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا جبکہ شادی اور رخصتی کی تقریب مدینہ منورہ کے مقامی ہلٹن ہوٹل میں منعقد ہوئی۔
اس موقع پر دلہا دلہن کے عزیز و اقارب اور دیگر اہم شخصیات کی بڑی تعداد موجود تھی جن میں ڈاکٹر ندیم احمد دانیال کے قریبی عزیز صدر عالمی حلقہء فکروفن وقار نسیم وامقٓ، ممبر صوبائی اسمبلی پنجاب و پارلیمانی سیکرٹری ڈاکٹر رانا محمد طارق، پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے صدر شرجیل امجد راؤ، سابق ممبر صوبائی اسمبلی قاضی عدنان فرید، مسلم لیگ ن یوتھ ونگ کے صوبائی صدر کاشف رندھاوا، مسلم لیگ ن سعودی عرب کے جنرل سیکرٹری وزیر اعظم پاکستان کے یوتھ پروگرام کے فوکل پرسن ملک منظور حسین اعوان، مسلم لیگ ن سعودی عرب کے سرپرست اعلیٰ رانا محمد اشرف، معروف مسلم لیگی بزنس مین عبدالخالق لک، ممبر اسلامی نظریاتی کونسل ملک مختار کلیار، لائنز کلب کے چیئرمین ملک محمد فیصل سمیت مختلف سیاسی، سماجی، کاروباری اور ادبی و صحافتی شخصیات نے شرکت کی۔
مسجد نبویٌ کے معلم ڈاکٹر الشیخ محمد خالد مدظلہ العالی نے نکاح اور شادی کے بارے میں اسلامی تعلیمات کی روشنی میں اظہار خیال کیا اور مدینہ منورہ میں منعقدہ اس تقریب کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے نوبیاہتا جوڑے کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور خصوصی دعاء فرمائی۔
پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے صدر شرجیل امجد راؤ نے سابق گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن کو اپنی بیٹی کی نکاح کی تقریب مدینہ منورہ میں منعقد کرنے پر خصوصی مبارکباد دیتے ہوئے دولہا اور دلہن کے لیے خصوصی دعاؤں اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
آخر میں سابق گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن اور دیگر مہمانوں نے دعاؤں کے ساتھ ڈاکٹر ہانیہ رحمن کو رخصت کیا۔