منگل,  01 اپریل 2025ء
دعوتِ اسلامی کے دینی و فلاحی کاموں اور مدنی چینل کے ذریعے مثبت پیغام رسانی کی کاوشوں کو سراہتے ہیں . میاں خرم شہزاد

دعوتِ اسلامی کے میڈیا ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے صحافیوں کے اعزاز میں دعوتِ سحری

کراچی (روشن پاکستان نیوز) دعوتِ اسلامی کے میڈیا ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے فیضان مدینہ میں صحافیوں کے اعزاز میں ایک خصوصی دعوتِ سحری کا اہتمام کیا گیا جس میں پاکستان میڈیا کونسل (رجسٹرڈ) کے وفد نے سیکرٹری جنرل میاں خرم شہزاد کی سربراہی میں شرکت کی۔ وفد میں عمران بیگ، ذوالفقار احمد شیخ، سعید لودھی اور محمد شعیب شامل تھے۔ تقریب میں دعوتِ اسلامی کی مرکزی شوریٰ کے رکن حاجی فضیل رضا عطاری، فیضان گلوبل ریلیف فاؤنڈیشن (ایف جی آر ایف) کے نگران شفاعت علی عطاری، محمود عطاری اور شجاعت علی عطاری نے معزز مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر دعوتِ اسلامی کی فلاحی سرگرمیوں اور مدنی چینل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ رکن شوریٰ حاجی فضیل رضا عطاری نے کہا کہ دعوتِ اسلامی دینی اور FGRF فلاحی خدمات میں بھی نمایاں کردار ادا کر رہی ہے۔ “فیضان گلوبل ریلیف فاؤنڈیشن” کے ذریعے دنیا کے مختلف ممالک بالخصوص مراکو، فلسطین اور ملک بھر میں مستحق افراد کو پانی، راشن، طبی سہولیات اور نقدی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ دعوتِ اسلامی کے مختلف شعبہ جات “مدنی چینل” تعلیم، صحت اور سماجی بہبود کے میدان میں بھی نمایاں خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ پاکستان میڈیا کونسل کے سیکرٹری جنرل میاں خرم شہزاد نے دعوتِ اسلامی کے فلاحی کاموں کو سراہتے ہوئے کہا کہ “مدنی چینل ایک ایسا مثبت پلیٹ فارم ہے جو دینِ اسلام کی روشنی دنیا کو حقیقی رہنمائی فراہم کر رہا ہے۔ دعوتِ اسلامی کی فلاحی خدمات خصوصاً “ایف جی آر ایف” کے تحت چلنے والے فلاحی منصوبے انسانی خدمت کی عمدہ مثال ہیں۔” اس موقع پر معزز صحافیوں نے بھی دعوتِ اسلامی کے دینی و فلاحی اقدامات اور مدنی چینل کے ذریعے مثبت پیغام رسانی کی کاوشوں کی تعریف کی اور اس بات پر اتفاق کیا کہ میڈیا اور مذہبی و فلاحی تنظیموں کو مل کر عوامی خدمت کے لیے مزید اقدامات کرنے چاہئیں۔ دعوتِ اسلامی کے ذمہ داران نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی میڈیا کے ذریعے فلاحی اور اصلاحی پیغامات کو عام کرنے میں تعاون جاری رہے گا۔

مزید خبریں