لاہور(روشن پاکستان نیوز) پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی کی جانب سے جنرل سید عاصم منیر کی والدہ کی دعائے مغفرت کے لیے ایک خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر جنرل (ر) عبدالقیوم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماں باپ کا سایہ زندگی کی سب سے بڑی نعمت ہے، لیکن قانونِ فطرت کے مطابق ہر ذی روح کو اس دنیا سے رخصت ہونا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماں کی وفات سے پیدا ہونے والا خلا کبھی نہیں بھر سکتا، مگر رضائے الٰہی میں راضی رہنا اور صبر کرنا ہی اللہ کا حکم ہے۔
جنرل (ر) عبدالقیوم نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں حالیہ دہشت گردی افغانستان کے راستے ہو رہی ہے جو کہ ایک افسوسناک بات ہے۔ پاکستان نے ہمیشہ افغان عوام کی حمایت کی ہے، لیکن امریکہ کے چھوڑے ہوئے اسلحہ سے پاکستان میں بدامنی پھیلانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی عدم استحکام اور اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی سے ملک کو کمزور کرنے کی کوششیں ہو رہی ہیں، اور ان حالات میں گورنس کو بہتر کرنے کے لیے بلدیاتی اداروں کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ملک میں امن کی صورتحال بہتر ہو سکے۔
دعائیہ تقریب میں جنرل محمد افضل، جنرل لیاقت علی، ایڈمرل عبدالعلیم، کموڈور ارشد ایم خان، کرنل سید جمشید حسین، بریگیڈئیر طارق محمود، بریگیڈئیر ذوالفقار شاہین، کرنل طارق کمال سمیت پیس کے چیف آرگنائزر عزیز احمد اعوان اور سینیٹر میاں عتیق نے بھی شرکت کی۔
چیف آرگنائزر عزیز احمد اعوان نے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر کا پیغام پڑھ کر حاضرین تک پہنچایا جس میں جنرل عاصم منیر نے پیس کے چیئرمین عزیز احمد اعوان کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اگر سیکیورٹی مسائل نہ ہوتے تو وہ خود اس تقریب میں شرکت کرتے۔
تقریب کے دوران جنرل سید عاصم منیر کی والدہ کے لیے قرآن خوانی کی گئی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی گئی۔