اتوار,  30 مارچ 2025ء
غزہ کی آزادی کے لیے ایمانی جذبہ ضروری ہے: پیر سید حیدر علی گیلانی

اسلام آباد(روشن پاکستان  نیوز) سجادہ نشین بری امام سرکار و جانشین دربارعالیہ رتے ہوتر شریف پیر سید حیدر علی گیلانی نے کہا ہےکہ مسلکی لڑائی نے امت مسلمہ کو کمزور کر دیا ہے،رمضان احساس کا مہینہ ہے اوراس وقت سب سے زیادہ احساس کے مستحق فلسطینی عوام ہیں،زبانی کلامی دعوؤں سے غزہ کو آزاد نہیں کرایا جا سکتا،بیت المقدس کی آبادی کیلئے ہمیں اپنے اندر بدر، خندق اور خیبرجیسے جذبہ ایمانی کی ضرورت ہے،ہجوم کو منظم کرنے کیلئے لیڈر شپ کی ضرورت ہوتی ہے جسکا اس وقت امت مسلمہ میں فقدان ہے، پیر سید حیدر علی گیلانی نے ان خیالات کا اظہار نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں القدس کمیٹی پاکستان اور این پی سی کے اشتراک سے فلسطین(اہل غزہ )کے مظلوم عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی اور قبلہ اول کی آزادی کیلئے” غزہ اور اقوام عالم کا کردار” کے عنوان سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئےکیا، سیمینار سےپی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ، سابق وفاقی وزیرڈاکٹر ندیم جان، تنظیم نوجوانان پاکستان کے سربراہ عبداللہ حمید گل،پاکستانی نظریاتی پارٹی کے چیئرمین شہیر سیالوی، علامہ سید ضمیر حسین شاہ کاظمی، پیر محمد سعید نقشبندی،پیر حسیب نذیری،اسلام آبادہائیکورٹ بار کے صدرسید علی وا جدگیلانی،سید امجد حسین نقوی،و دیگر نے بھی خطاب کیا، مقررین کا مزید کہنا تھا کہ غزہ ظلم و بربریت کی چکی میں پس رہا ہے اور عالم اسلام خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہا ہے،امت مسلمہ کو جگانے کی اشد ضرورت ہے،فلسطین پر غاصبانہ قبضہ کیا گیاہے، فلسطین فلسطینیوں کا ہے،اسرائیل نے بیت اللہ تک قبضے کےاپنے عزائم ظاہر کر دیئے ہیں،آج جو کچھ کشمیر اور فلسطین میں ہو رہا ہے وہ لمحہ فکریہ ہے،غزہ میں عورتوںاور بچوں پر ہونے والی درندگی کو دیکھ کر درندے بھی شرمندہ ہیں،مگر امت مسلمہ بکھری ہوئی ہے،اسرائیل کو نہتے اور مظلوم فلسطینیوں پر ڈھائے جانیوالے مظالم کا حساب دینا ہوگا،حکومت کو عید تک کا وقت دیتے ہیں وہ فلسطین کے حوالے سے کوئی فیصلہ کر لے بصورت دیگر عوام اپنا فیصلہ خود کرے گی۔

مزید خبریں