هفته,  29 مارچ 2025ء
مسیحی برادری کا رمضان المبارک میں افطار ڈنر کا اہتمام، بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ

اسلام آباد: (روشن پاکستان نیوز) آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد، بشپ آف راولپنڈی اسلام آباد کی میزبانی میں رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں ایک افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا، جس میں وزیرِ مملکت برائے بین المذاہب ہم آہنگی، کھیل داس کوہستانی، سینیٹر طاہر خلیل سندھو، مسلم کمیونٹی کے افراد اور مسیحی برادری کے نمائندگان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اس افطار ڈنر کا مقصد نہ صرف مذہبی رواداری کو فروغ دینا تھا بلکہ مختلف مذاہب اور مکاتب فکر کے درمیان اتحاد اور یکجہتی کے جذبے کو مزید تقویت دینا بھی تھا۔ وزیرِ مملکت کھیل داس کوہستانی نے اپنے خطاب میں کہا، “پاکستان ایک کثیر المذاہب ملک ہے جہاں ہر فرد کو اپنے عقائد کے مطابق زندگی گزارنے کا حق حاصل ہے۔ ہمیں ایک دوسرے کے مذہبی جذبات کا احترام کرنا چاہیے اور بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینا چاہیے۔ اسلام امن، محبت اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے اور کسی کو بھی دوسرے کے مذہب کی بے حرمتی کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔”

آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد نے کہا، “پاکستان ایک خوبصورت گلدستہ ہے جس میں ہر مذہب کے لوگ رنگ برنگے پھولوں کی مانند ہیں۔ ہمیں چاہیے کہ ہم ایک دوسرے کے مذہبی عقائد کا احترام کریں اور یکجہتی کو فروغ دیں۔ رمضان المبارک ہمیں قربانی، محبت اور امن کا درس دیتا ہے۔”

سینیٹر طاہر خلیل سندھو نے کہا، “ہمیں ایسا شجر لگانا چاہیے جس کا سایہ ہر کسی کے لیے ہو۔ اس مقدس مہینے میں ہمیں غرباء اور مستحق افراد کی مدد کرنی چاہیے تاکہ ہم حقیقی معنوں میں رمضان کی برکتیں سمیٹ سکیں۔”

سیکرٹری مذہبی امور ڈاکٹر عطا الرحمن نے ملک میں امن و امان اور بھائی چارے کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا، جبکہ اسلام آباد امن کمیٹی کے رکن مفتی ضمیر حسین ساجد نے ایسی تقریبات کے انعقاد کو سراہا اور ان کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

علامہ مصطفیٰ حیدر نقوی، امام بری نے کہا کہ، “پاکستان اس وقت دہشت گردی اور انتہا پسندی کے چیلنجز سے گزر رہا ہے۔ ہمیں مل کر ایسے عناصر کے خلاف کام کرنا ہوگا جو ملک میں انتشار پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔”

یہ تقریب پاکستان میں مذہبی رواداری، امن اور مساوات کے فروغ کے لیے ایک سنگ میل ثابت ہو سکتی ہے۔ مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ ملک میں بین المذاہب ہم آہنگی کو مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ایک پرامن اور مستحکم معاشرہ تشکیل دیا جا سکے۔

افطار ڈنر میں رحمت اللعالمین اتھارٹی کے ڈائریکٹر سہیل، بری امام سے نوازش علی نقوی، امین کمیٹی کے مفتی ضمیر احمد ساجد اور دیگر مسلم اکابرین نے شرکت کی، جبکہ مسیحی مذہبی رہنماؤں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ تقریب کا انعقاد سی سی آئی ڈی ای کے ڈائریکٹر فادر اعظم صدیق، فادر میثم الیاس، نواز یعقوب، فریاد فرانسس، پیٹر باب، بابو ساجد امین، شیرون اور ارسلان کی زیر نگرانی کیا گیا۔

مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان میں مذہبی رواداری اور ہم آہنگی کو فروغ دینے کی ضرورت ہے تاکہ معاشرے میں امن اور بھائی چارے کی فضا قائم رہے۔ ایسی تقریبات نہ صرف مذاہب کے درمیان محبت اور اخوت کے جذبے کو پروان چڑھاتی ہیں بلکہ ملک میں سماجی استحکام کا بھی باعث بنتی ہیں۔

مزید خبریں