منگل,  25 مارچ 2025ء
وزیر اعلیٰ مریم نواز کے “اپنی چھت اپنا گھر پروگرام” کے تحت ایک لاکھ گھروں کی تعمیر کا ٹارگٹ، 25 ہزار سے زائد گھروں کی تکمیل

حافظ آباد(شوکت علی وٹو)صوبائی وزیر ہاؤسنگ و اربن ڈویلپمنٹ اینڈ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ بلال یاسین نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز کے ” اپنی چھت اپنا گھر پروگرام “کے تحت اس سال کے آخرتک صوبہ بھر میں ایک لاکھ گھر وں کی تعمیر کا ٹارگٹ پورا ہو جائیگا۔اب تک 25ہزار سے زائد گھر تعمیر ہو چکے ہیں۔اس پروگرام کے لیے 10لاکھ سے زائد افراد نے پورٹل کا وزٹ کیا جبکہ 5لاکھ افراد نے اپنی چھت اپنا گھر کے لیے درخواستیں جمع کر وائیں۔ وزیرا علیٰ کے عوامی فلاح و بہبود کے اس منصوبے کو انتہائی شفاف اور میرٹ کے تحت مکمل کیا جا رہا ہے اور صوبہ کے عوام میں بلا تفریق قرضے دیئے جا رہے ہیں۔جس میں نہ تو وزیراعلیٰ کی مداخلت ہے اور نہ ہی کسی وزیر یا کسی سرکاری آفیسر کی،کیونکہ وزیرا علیٰ کا ویژن ہے کہ غریب عوام تک انکا حق میرٹ کے تحت پہنچنا چاہیے اور اس میں کسی بھی قسم کے سفارش کلچر اور پسند نہ پسند کو مدنظر نہیں رکھا گیا۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے اپنے دورہ حافظ آباد کے موقع پر کیا۔ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق،اسسٹنٹ کمشنر سلمان اکبر بھی انکے ہمراہ تھے۔صوبائی وزیرنے اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے تحت تعمیر ہونے والے گھروں کا اور رمضان سہولت بازار کا دورہ کیا۔ صوبائی وزیر بلا ل یاسین کا کہنا تھا کہ وزیرا علیٰ پنجاب مریم نواز کی سربراہی میں حکومت پنجاب صوبہ بھر کے عوام کی سہولت،آسانی اور فلاح و بہبود کے لیے جو اقدامات کر رہی ہے انکی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی۔رمضان المبارک میں حکومت پنجاب کی جانب سے 30لاکھ کم آمدنی والے خاندانوں میں 30ارب روپے کا رمضان پیکج شروع کیا گیا۔ رمضان پیکج کے تحت کم آمدنی والے خاندانوں کو10ہزار روپے کی رقم باعزت طریقے سے انکے گھروں تک پہنچائی گئی۔اسی طرح وفاقی حکومت کی جانب سے پانچ ہزار روپے رمضان پیکج کی صورت میں دیئے گئے تا کہ کم آمدنی والے اپنے راشن کے ساتھ ساتھ دیگر ضروریات زندگی با آسانی پوری کر سکیں۔انکاکہنا تھا کہ رمضان المبار ک کے دوران عوام کو سستی اشیاء کی فراہمی کے لیے رمضان سہولت بازار لگائے گئے ہیں۔ حافظ آباد کے اس رمضان سہولت بازار میں عوام کو سستی اور معیاری اشیاء مل رہی ہیں اور یہاں پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے خریداروں کے لیے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں۔انکاکہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے حافظ آبا د میں وزیرا علیٰ کا ستھر اپنجاب پروگرام بڑی کامیابی سے جاری ہے۔شہر بھر میں صفائی ستھرائی کے ساتھ ساتھ تجاوزات کے خلاف آپریشن کلین اپ بھی جاری ہے جس سے شہر کی خوبصورتی نمایا ں نظر آ رہی ہے۔صوبائی وزیربلال یاسین نے رمضان سہولت بازار میں مختلف اشیاء کے سٹالز کا دورہ کر تے ہوئے وہاں اشیائے خوردونوش کی دستیابی، کوالٹی اور قیمتوں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے خریداروں سے سستی اشیاء کی فراہمی اور انکی کوالٹی بارے فیڈ بیک لیا جس پر شہریوں نے اطمینان کا اظہار کر تے ہوئے رمضان سہولت بازار کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیا۔بعد ازاں صوبائی وزیر نے چک چٹھہ /دوآبہ میں اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے تحت تعمیر ہونے والے گھروں کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے اس پروگرام کے تحت قرضہ حاصل کر کے اپنا گھر تعمیر کرنے والے افراد سے اس پروگرام کے بارے فیڈ بیک بھی لیا۔ جس پر شہریوں نے اس کامیاب عوامی،فلاحی پروگرام شروع کرنے پر وزیرا علیٰ پنجاب مریم نواز کا شکریہ اد ا کر تے ہوئے کہا کہ مہنگائی کے اس دور میں اپنا گھر تعمیر کرنا انکے لیے مشکل تھا جو حکومت پنجاب نے انہیں بلا سود قرضہ دے کر ممکن بنایا۔

مزید خبریں