منگل,  25 مارچ 2025ء
حافظ آباد: یوم پاکستان کی مرکزی تقریب، پرچم کشائی اور ریلی کا انعقاد

حافظ آباد(شوکت علی وٹو)حافظ آباد میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے یوم پاکستان کے سلسلہ میں مرکزی تقریب ڈسٹرکٹ کمپلیکس میں منعقد ہوئی۔ جہاں ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق نے پرچم کشائی کی،پرچم کشائی کی تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل حمد اللہ،اسسٹنٹ کمشنر سلمان اکبر، سی ای او ایجو کیشن محمد اکرم اشرف،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر ظہیر احمد، ڈی ایس پی رانا قیصر جمیل،ڈسٹرکٹ ایمر جنسی آفیسر محمد عدنان نواز سمیت دیگر افسران، اساتذہ،ملازمین اور شہریوں نے شرکت کی۔اس موقع پر ملک و قوم کی ترقی،خوشحالی، استحکام اور سربلندی کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔اس موقع پرڈپٹی کمشنرعبدالرزاق نے کہا کہ 23مارچ یوم پاکستان اس عہد کی تجدید کادن ہے جس دن پاکستان کے قیام کیلئے قرار داد منظور کی گئی آج ہمیں بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح، ڈاکٹر علامہ محمد اقبال اور انکے دیگر ساتھیوں کو بھی خراج تحسین پیش کرنا ہے جنہوں نے قیام پاکستان کیلئے انتھک محنتیں کیں۔ انکاکہنا تھا کہ اگر آج ہمیں ایک آزاد اسلامی ملک پاکستان حاصل نہ ہوتا تو ہمیں ہندؤں کی غلامی میں رہنا پڑتا لیکن بانی پاکستان اور ان کے دیگر ساتھیوں کی کاوشوں سے ہمیں ایک آزاد اسلامی جمہوریہ ملک حاصل ہوا۔اُن کا کہناتھا کہ تحریک پاکستان اور پاکستان کے قیام کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے ہمارے بزرگ، نوجوان اور ملک و قوم کی حفاظت کرنے والے پاک فوج اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی خدمات پوری قوم کیلئے فخر اور ناقابل فراموش ہیں پوری قوم اپنے ان ہیروز کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق کی قیادت میں یوم پاکستان کے سلسلہ میں ڈسٹرکٹ کمپلیکس سے ایک بڑی ریلی بھی نکالی گئی۔ شرکاء ریلی نے بینرز،فلیکسز اور قومی پرچم ہاتھوں میں اُٹھا رکھے تھے اور وہ پاکستان زندہ باد کے نعرے لگا رہے تھے۔

مزید خبریں