اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) – رکن قومی اسمبلی انجم عقیل خان نے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف سے ملاقات کی، جس میں انہوں نے سردار محمد یوسف کو وزارت کا قلمدان سنبھالنے پر دلی مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
ملاقات کے دوران انجم عقیل خان نے کہا کہ سردار محمد یوسف کی بطور وفاقی وزیر تقرری ایک خوش آئند قدم ہے، اور انہوں نے امید ظاہر کی کہ وہ اپنے وسیع تجربے اور قائدانہ صلاحیتوں کے ذریعے مذہبی امور کے شعبے میں اصلاحات اور بہتری کے لیے مؤثر اقدامات کریں گے۔
انجم عقیل خان نے مزید کہا کہ حج و عمرہ کے انتظامات، دینی مدارس کے معاملات اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ جیسے اہم امور میں وزیر مذہبی امور کی قیادت نہایت اہمیت کی حامل ہوگی۔
اس موقع پر سردار محمد یوسف نے انجم عقیل خان کا شکریہ ادا کیا اور یقین دلایا کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے نبھانے کے لیے بھرپور محنت کریں گے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت عوام کی خدمت اور مذہبی امور میں سہولتوں کی بہتری کے لیے سنجیدہ کوششیں کر رہی ہے اور اس سلسلے میں تمام منتخب نمائندوں کی آراء اور تجاویز کو اہمیت دی جائے گی۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، اور دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ مذہبی ہم آہنگی، عوامی خدمت اور ملکی ترقی کے لیے مشترکہ کاوشیں جاری رکھی جائیں گی۔