سوات(روشن پاکستان نیوز) سوات پولیس نے عوامی شکایات اور معاشرے میں بڑھتی ہوئی گداگری کی روک تھام کے لیے بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن جاری رکھا ہے۔ پولیس نے سرکل سٹی اور بریکوٹ میں مختلف کارروائیوں کے دوران متعدد خواتین گداگروں اور بچوں کو گرفتار کیا، جو گداگری کے ذریعے عوام کو لوٹنے کے لیے سڑکوں پر آتی تھیں۔
پولیس حکام کے مطابق، گرفتار شدہ خواتین گداگروں میں مقامی اور غیر مقامی دونوں شامل ہیں۔ ان خواتین کے خلاف گداگری ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے ہیں، اور انہیں متعلقہ پولیس سٹیشن میں قانونی کارروائی کے لیے منتقل کیا گیا ہے۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ اس کریک ڈاؤن کا مقصد سوات میں گداگری کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کو روکنا ہے، جس سے نہ صرف عوامی شکایات بڑھ رہی تھیں بلکہ یہ عمل علاقے کی سماجی اور معاشی صورتحال پر بھی منفی اثر ڈال رہا تھا۔
مزید پڑھیں: راولپنڈی پولیس کی مختلف کارروائیاں، متعدد ملزمان گرفتار
سوات پولیس نے عوام سے درخواست کی ہے کہ وہ گداگروں کی نشاندہی کرنے میں پولیس کی مدد کریں اور اس قسم کے غیر قانونی عمل کے خلاف اپنے تعاون کا یقین دلائیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ کریک ڈاؤن آئندہ بھی جاری رہے گا تاکہ سوات کو گداگری جیسے غیر قانونی کاروبار سے پاک کیا جا سکے۔