حافظ آباد (شوکت علی وٹو)ڈپٹی کمشنر حافظ آباد عبدالرزاق کی ہدایت پر ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت شہر کے مختلف چوکوں، گرین بیلٹس اور اہم عوامی مقامات کی تزئین و آرائش، شجر کاری اور نئی لائٹس لگانے کا کام زورو شور سے جاری ہے۔جناح چوک، گوجرانوالہ بائی پاس، قلعہ صاحب سنگھ چوک،گوجرانوالہ روڈ سمیت دیگر اہم چوکوں اور گرین بیلٹس میں نئے خوبصورت پودے لگائے گئے ہیں جبکہ گوجرانوالہ روڈ اندرون ِ شہر اور جلالپور روڈ پررنگ بھرنگی لائٹنگ کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔ڈپٹی کمشنر کاکہنا تھا کہ وزیرا علیٰ کے ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت جہاں صفائی ستھرائی اور تجاوزات کے خاتمے کا عمل جاری ہے تووہی شہر کی خوبصورتی کے لیے بھی اقدامات کیے جارہے ہیں۔ شہر کے تمام داخلی و خارجی راستوں،چوک چوراہوں کی تزئین و آرائش اور وہاں نئے پودے لگائے گئے ہیں جس سے شہر کی خوبصورتی میں اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ اپنے گلی، محلوں اور علاقوں میں موسم بہا ر کی مناسبت سے شجر کاری کریں اور انتظامیہ کی جانب سے شہر بھر میں خوبصورتی کے لیے جو کام کیے جارہے ہیں اس کی دیکھ بھال میں بھی اپنی ذمہ داری ادا کریں۔
