حافظ آباد(شوکت علی وٹو)ڈپٹی کمشنر حافظ آباد عبدالرزاق کا کہنا ہے کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر عوام کی سہولت اور ریلیف کے لیے لگائے جانے والے رمضان سہولت بازار میں شہریوں کی ایک بڑی تعداد خریداری میں مصروف ہے۔رمضان سہولت بازار میں خریداروں کے رش سے ثابت ہو تا ہے کہ عوام کو یہاں سستی اور معیاری چیزیں دستیاب ہیں۔ انکاکہنا تھا کہ رمضان سہولت بازار میں آٹا، چینی، سبزیاں،پھل،کریانہ سمیت دیگر اشیاء عام مارکیٹ کی نسبت سستے داموں دستیاب ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اس بات کو یقینی بنایا گیا ہے کہ رمضان سہولت بازار کے تمام سٹالز پر اشیائے خوردونوش کی وافر دستیابی ہمہ وقت موجو د رہے تا کہ عوام کو سستی اشیاء کی خریداری میں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انکاکہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ کے افسران روزانہ کی بنیاد پر رمضان سہولت بازار اور دیگر مارکیٹوں، بازاروں کے دورے بھی کر رہے ہیں جہاں پر اشیائے خوردونوش کی مقررہ نرخوں پر دستیابی کو یقینی بنانے کا جائزہ لیا جا رہا ہے جبکہ مہنگے داموں اور مقررہ نرخوں کی خلاف ورزی کرنے والے دوکانداروں، تاجروں کے خلاف سخت کاروائیاں بھی جاری ہیں۔ انکاکہنا تھا کہ سبزی منڈیوں سے لیکر عام مارکیٹ تک تمام اشیاء کی سپلائی،قیمتوں اور کوالٹی کو بھی مانیٹر کیا جا رہا ہے۔ضلعی انتظامیہ اور مارکیٹ کمیٹی کے افسران کی نگرانی میں منڈیوں میں سبزیوں اور پھلوں کی نیلامی کے عمل کو یقینی بنایا جا تاہے تا کہ کوئی بھی آڑھتی اپنی مرضی سے ریٹ مقرر نہ کر سکے۔
