حافظ آباد: قصابوں کا سستا گوشت فروخت کرنے سے انکار، رمضان میں شٹر ڈاؤن ہڑتال، سرکاری نرخوں پر عمل درآمد کا مطالبہ

حافظ آباد(شوکت علی وٹو) قصابوں کا سستا گوشت فروخت کرنے سے انکار،گزشتہ روز غیر اعلانیہ شٹر ڈاؤن ہڑتال کر دی گی، قصائیوں کا موقف ہے مہنگے جانور خریدنے کے باعث نقصان برداشت نہیں کر سکتے، قصابوں کی تنظیم کے عہدیداروں کی مشاورت سے چند ماہ قبل ہی گوشت کا ریٹ بڑھایا گیا تھا.

رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں قصابوں نے سرکاری نرخوں پر گوشت فروخت کرنے سے انکار کر دیا۔ ان کا کہنا ہے کہ مویشی منڈیوں میں جانوروں کی قیمتوں میں غیرمعمولی اضافہ ہو چکا ہے، جس کے باعث مہنگے داموں خریداری کے بعد سرکاری نرخوں پر گوشت فروخت کرنا ممکن نہیں کیونکہ اس سے انہیں بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑتا ہے.

گزشتہ روز پرائس مجسٹریٹس کی کارروائیوں سے خوفزدہ ہو کر مرغی کا گوشت ، بڑا گوشت، چھوٹا گوشت کرنے والے دوکانداروں نے غیر اعلانیہ شٹرڈاؤن ہڑتال کر دی جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، مرغی گوشت فروخت کرنے والے دوکانداروں کا کہنا ہے حکومت نے فارمر کو کھلی چھوٹ دے رکھی ہے جو سرکاری ریٹ سے زیادہ مہنگے داموں مرغی سیل کرتے ہیں فارمر سستی مرغی دے گا تو ہم بھی کنٹرول ریٹ پر گوشت دے پائیں گے. جرمانے کرنا زیادتی ہے.

قصائیوں کے مطابق، وہ متعدد بار انتظامیہ سے گوشت کے سرکاری نرخوں میں اضافے کا مطالبہ کر چکے ہیں، مگر شنوائی نہ ہونے کے باعث اب وہ گوشت فروخت کرنے سے قاصر ہیں۔ کئی دکانداروں نے رمضان المبارک میں جرمانوں اور قانونی کارروائیوں سے بچنے کے لیے اپنی دکانیں ہی بند کر دی ہیں شہریوں کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک سے قبل قصاب من مانے نرخوں پر مہنگا گوشت فروخت کر رہے تھے، جبکہ انتظامیہ مقررہ نرخوں پر عمل درآمد کرانے میں ناکام رہی۔ اسی صورتحال کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اب قصابوں نے سرے سے گوشت فروخت کرنے سے ہی انکار کر دیا ہے قصابوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے.

کہ مویشی منڈی میں جانوروں کی قیمتوں میں اضافے کو مدنظر رکھتے ہوئے سرکاری نرخوں پر نظرِ ثانی کی جائے تاکہ وہ نقصان سے بچ سکیں اور عوام کو بھی معیاری گوشت فراہم کیا جا سکے۔ دوسری جانب، ضلعی انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ سرکاری نرخوں پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے گا اور ناجائز منافع خوری کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔

مزید خبریں