راولپنڈی (روشن پاکستان نیوز) آل پاکستان پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کے رہنماؤں نے حکومت سے نجی تعلیمی اداروں کی سرپرستی کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ نجی تعلیمی اداروں کے بغیر “آؤٹ آف سکولز” بچوں کا ٹارگٹ حاصل کرنا ناممکن ہے۔
یہ باتیں آل پاکستان پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل اور فیڈرل بورڈ آف گورنرز کے ممبر محمد اشرف ہراج، پنجاب کالج کے پرنسپل پروفیسر محمد وسیم اور راولپنڈی ڈویژن کے صدر عرفان مظفر کیانی نے الائیڈ سکول چکری روڈ کیمپس کے سالانہ نتائج تقسیم انعامات کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔
محمد اشرف ہراج نے کہا کہ “الائیڈ سکول چکری روڈ کیمپس اور الائیڈ سکول پیر مہر علی شاہ کیمپس نے شاندار نتائج کے ساتھ کھیلوں میں بھی پوزیشن حاصل کر کے علاقے میں اپنی منفرد شناخت قائم کی ہے۔” انہوں نے مزید کہا کہ نجی تعلیمی اداروں کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے حکومت کو ان کی بھرپور حمایت کرنی چاہیے اور انہیں ٹیکسز سے آزاد کرنا چاہیے تاکہ یہ ادارے مزید بہتری کے لیے کام کر سکیں۔
عرفان مظفر کیانی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ “والدین اور اساتذہ کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے اس ادارے کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا۔” انہوں نے کہا کہ نجی تعلیمی اداروں کے ساتھ ہونے والی ہر ناانصافی کا بھرپور دفاع کیا جائے گا اور حکومت کو نجی تعلیمی اداروں کے حوالے سے اپنے اقدامات میں بہتری لانی چاہیے۔
اس موقع پر سردار فیگار نیاز، پرنسپل محمد ذیشان، شوکت شہزاد چوہدری، برینڈن فو پاکستان کے طاہر فریاد اور ساجد بھٹی سمیت کثیر تعداد میں والدین نے شرکت کی۔ تقریب کے آخر میں پوزیشن ہولڈرز بچوں میں انعامات تقسیم کیے گئے۔
مزید پڑھیں: راولپنڈی پولیس کا مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں
رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ حکومت نجی تعلیمی اداروں کو آسان اقساط پر قرض فراہم کرے اور ان کے حقوق کا تحفظ کرے تاکہ وہ تعلیمی معیار کو مزید بہتر بنا سکیں۔