بدھ,  26 فروری 2025ء
اسلام آباد: حلقہ این اے 46 میں تعلیمی سہولتوں کی بہتری کے لیے اہم اقدامات، نئے سکولز اور لیبز کا قیام

اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) رکن قومی اسمبلی انجم عقیل خان کی ہدایات پر کوارڈینیٹر ایجوکیشن عظیم خان گولڑہ کی جوائنٹ سیکرٹری، ڈائریکٹر فیڈرل ایجوکیشن جنید اخلاق کے ساتھ ایک اہم میٹنگ ہوئی۔ اس میٹنگ میں ڈائریکٹر کوارڈینیشن فیڈرل ایجوکیشن مسعود الحمید ملک بھی موجود تھے۔

میٹنگ میں حلقہ این اے 46 اسلام آباد کے سکولوں میں مسنگ فسیلٹیز، سکولز اور کالجز کی اپ گریڈیشن، نئی کمپیوٹرز لیبز، اسٹیچنگ لیبز، سولر پروگرام، ٹیچنگ اور نان ٹیچنگ اسٹاف کی کمی اور نئی عمارتوں کے قیام پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر یہ فیصلہ کیا گیا کہ حلقہ این اے 46 اسلام آباد کے مختلف سکولوں میں 87 نئے کمروں کا اپریل سے پہلے افتتاح کیا جائے گا اور 5000 نئے سٹوڈنٹس کے داخلے کو یقینی بنایا جائے گا۔

گولڑہ گرلز کالج میں STEM لیب، شاہ اللہ دتہ گرلز کالج میں اسٹیچنگ لیب، گولڑہ بوائز سکول میں کمپیوٹر لیب بنانے اور NAVTTC کے پروگرامز شروع کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

مزید برآں، گولڑہ بوائز سکول، شیخ پور I-14 اور دیگر سکولوں میں سکلز لیبارٹری اور الیکٹرانک لیب بنانے کا اعلان کیا گیا، جن کا جلد افتتاح کیا جائے گا۔

حلقہ این اے 46 اسلام آباد کے D-12، ترنول، F-17، B-17 اور G-15 میں سرکاری اراضی پر نئے سکولز اور کالجز بنانے کے لیے PC1 کی تیاری اور سروے شروع کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

گورنمنٹ فیڈرل کالج آف ایجوکیشن میں رکن قومی اسمبلی انجم عقیل خان کے کیے گئے وعدوں کو عملی جامہ پہنانے کے لیے نان ٹیچنگ اسٹاف کی ایک ہفتے میں پروموشن اور ملٹی سپورٹس گراؤنڈ بنانے پر بھی اتفاق ہوا۔

رکن قومی اسمبلی انجم عقیل خان نے سرائے مادھو اور پنڈ پڑیاں سکولز میں نئی سہولیات کا افتتاح جلد کرنے کا اعلان کیا۔

18 فروری سے اسلام آباد سمیت حلقہ این اے 46 اسلام آباد میں Plantation پروگرام کا آغاز کیا جائے گا، جس میں تمام سکولوں اور کالجز میں پھلدار درخت اور پھولدار پودے لگائے جائیں گے۔

اس کے علاوہ، سیکٹر F10-2 اور F10-3 کے سکولوں اور کالجز میں بسوں کی تعداد اور روٹس کو بڑھایا جائے گا تاکہ طلبہ کو بہتر سفری سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔

مزید خبریں