راولپنڈی (روشن پاکستان نیوز) اکادمی ادبیات کیمبل پور اٹک کے زیر اہتمام مادری زبانوں کے عالمی دن کے موقع پر ضلع کونسل ہال اٹک میں ایک شاندار اور رنگا رنگ تقریب منعقد ہوئی۔ اس بامقصد اور ثقافتی تقریب کی صدارت ڈپٹی کمشنر اٹک راؤ عاطف رضا نے کی، جبکہ مہمان خصوصی اسسٹنٹ کمشنر انزہ عباسی تھیں۔ نظامت کے فرائض معروف علمی و ادبی شخصیت سید مونس رضا شاہ نے انجام دیے۔ تقریب کا آغاز جمال شاہ کی خوبصورت قرات میں تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا، جس کے بعد سید بلال شاہ نے اپنی پرسوز آواز میں نعتِ رسول مقبول ﷺ پیش کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے پنجابی زبان کے تاریخی، ثقافتی اور ادبی پہلوؤں پر روشنی ڈالی اور اس کے فروغ کی اہمیت پر زور دیا۔ مقررین میں ڈپٹی کمشنر اٹک راؤ عاطف رضا، ایڈووکیٹ احسن الدین، وقار صدیقی ایڈووکیٹ، پروفیسر عثمان صدیقی، طاہر اسیر، اور احمد علی ثاقب ایڈووکیٹ شامل تھے۔ ڈپٹی کمشنر راؤ عاطف رضا نے اپنے خطاب میں کہا کہ پنجابی ہماری پہچان اور ثقافتی ورثہ ہے۔ زبانیں صرف بولنے اور لکھنے کا ذریعہ نہیں ہوتیں بلکہ یہ کسی بھی قوم کی شناخت، تاریخ اور ادب کی امین ہوتی ہیں۔ ہمیں پنجابی کو صرف گھریلو بول چال تک محدود نہیں رکھنا بلکہ اسے تعلیمی اداروں میں رائج کرنے کے لیے عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اکادمی ادبیات کیمبل پور کو ضلع کی دیگر تحصیلوں تک وسعت دی جائے گی، تاکہ پنجابی ادب اور ثقافت کو مزید فروغ دیا جا سکے اور ادیب و شاعر اپنے خطے کے کلچر کو اجاگر کر سکیں۔
ایڈووکیٹ احسن الدین نے کہا کہ پنجابی زبان صدیوں پرانی تہذیب کی آئینہ دار ہے، ہمیں اسے بولنے، لکھنے اور اپنی نئی نسل تک منتقل کرنے کے لیے اجتماعی طور پر کام کرنا ہوگا۔ پروفیسر عثمان صدیقی نے کہا کہ پنجابی زبان صرف بولی نہیں بلکہ صوفیاء، شعراء اور مفکرین کا پیغام ہے، جو ہمیشہ محبت، رواداری اور انسانیت کا درس دیتا رہا ہے۔
اٹک کے عوامی لوک گلوکار حکمت اعوان نے پنجابی ماہیے سنا کر پنجاب کی ثقافتی خوبصورتی کو اجاگر کیا، جبکہ سید بلال شاہ نے ہیر وارث شاہ پیش کی، جسے سامعین نے بے حد پسند کیا۔ معروف شاعر حسین امجد نے شاہ حسینؒ کا پنجابی کلام پیش کرکے حاضرین سے بھرپور داد وصول کی۔
تقریب کا سب سے خوبصورت حصہ پنجابی محفل مشاعرہ تھا، جس میں مقامی اور نامور شعراء نے اپنا پنجابی کلام پیش کیا۔ مشاعرے میں ثقلین انجم، ریاض کاوش، اقبال زرقاش، سجاد حسین ساجد، اور سابق سی ای او ایجوکیشن ملک محسن عباس نے اپنا کلام پیش کیا۔ دیگر شعراء میں شیخ احسن الدین ایڈوکیٹ، سابق ڈی ای او سکینڈری راجہ مختار احمد سگھروی، طاہر اسیر، پروفیسر سید نصرت بخاری، حسین امجد، ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن شہزاد نیاز کھوکھر، آنسہ مظہر، ساحرہ نقوی، اعجاز خان ساحر، اور محمد طاہر اور راجہ زاہد حسین جرال بھی شامل تھے۔
تقریب میں شائقین کی بڑی تعداد موجود تھی، جو پنجابی زبان اور ثقافت کے اس رنگا رنگ ماں بولی پروگرام سے بھرپور لطف اندوز ہوئے۔ حاضرین نے پنجابی زبان کے فروغ کے لیے اس طرح کے مزید پروگرام منعقد کرنے کا مطالبہ کیا اور اکادمی ادبیات کیمبل پور کی اس شاندار تقریب کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔