بدھ,  19 فروری 2025ء
پاکستان سویٹ ہوم کا راولپنڈی میں “سیدہ فاطمۃ الزہرہ مہمان خانہ” کا قیام، مستحقین کیلئے مفت کھانے کی فراہمی کا آغاز

راولپنڈی (روشن پاکستان نیوز) پاکستان سویٹ ہوم کے زیرانتظام ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال راولپنڈی میں مریضوں، مسافروں اور ناداروں کیلئے مفت کھانے کیلئے سیدہ فاطمۃ الزہرہ مہمان خانہ کا قیام عمل میں آگیا چیئرمین سویٹ ہوم زمرد خان نے ہفتہ کی صبح چوبیس گھنٹے کھانے کی فراہمی کی افتتاحی تقریب منعقد کی جس میں راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد عمر، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال راولپنڈی ڈاکٹر فرزانہ ظفر، گائناکالوجسٹ ڈاکٹر روبابہ،پروفیسر جنرل سرجن ڈاکٹر فریال گوہر، ڈاکٹر فیصل ریڈیالوجی، ڈی ایم ایس ڈاکٹر مظفر، اسسٹنٹ کمشنر سٹی، مسلم لیگ ن کے رہنماء سید شاہد اقبال، جمال شاہ، ولی خان، لقمان، خورشید انور سمیت بڑی تعداد میں شہریوں اور پاکستان سویٹ ہوم کے بچوں نے شرکت کی اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر محمد عمر نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال راولپنڈی میں یہ عالیشان کار خیر شروع کیا گیا جس سے مستحقین مستفید ہوں گے ہسپتال میں تازہ اور بہترین کھانے کی فراہمی بہت نیکی کا کام ہے اللہ تعالیٰ اپنے نیک بندوں سے ایسے کام لیتا ہے ہم سب اس کار خیر میں شامل رہیں گے بلکہ میں دعوت دوں گا کہ راولپنڈی کے دیگر دو الائیڈ ہسپتالوں ہولی فیملی اور بینظیر بھٹو ہسپتال تک میں اس کار خیر کا دائرہ وسیع کیا جائے تو معاونت کی جائے گی ہمارے دین اسلام میں یتیم کی پرورش اور دیکھ بھال بہت بڑی اور ارفع نیکی ہے جو مخیر حضرات نیکی کے اس کام میں شریک ہیں انہیں اللہ تعالیٰ حضور نبی کریم ﷺ کے صدقےاجر عظیم عطا فرمائے پروفیسر ڈاکٹر محمد عمر نے کہا کہ زمرد خان کی بیمثال خدمات پر میں انہیں راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی کے سنڈیکیٹ سے اپنی میٹنگ میں اعزازی ڈاکٹرکی ڈگری دینے کی باضابطہ سفارش کروں گا قبل ازیں ایم ایس ڈاکٹر فرزانہ ظفر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سویٹ ہوم کے سربراہ زمرد خان نے یہ مشکل کام آسانی سے شروع کیا ہے جس پر وہ تحسین کے مستحق ہیں انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ ریٹائرمنٹ کے بعد میں خود بھی اس کار خیر میں شرکت جاری رکھوں گی کیونکہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں اپنے ملک میں سب کچھ عطا کیا ہے اب یہ وقت ہے کہ ہم اپنے حصے کا اپنے ملک کو واپس بھی لوٹائیں کھانے کامعیار اور تازگی قائم رکھنے کیلئے زمرد خان خصوصی خدمت انجام دے رہے ہیں ہسپتال میں پریشان حال لوگوں کو جب مفت معیاری کھانا دستیاب ہوگا تو اس کار خیر کا اجر اللہ تعالیٰ عطا فرمائے گا چیئرمین پاکستان سویٹ ہوم زمرد خان نے کہا کہ میں نے سوات آپریشن کے دوران سویٹ ہوم کی بنیاد رکھی آج اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ یہ ادارہ پاکستان بیت المال سے بھی بڑھ کر ہوگیا ہے جس کا گوجر خان میں کیڈٹ کالج، چکری روڈ پر جدید تقاضوں سے ہم آہنگ فلاحی ہسپتال، بلڈ بینک تک قائم ہوچکے ہیں پاکستان سویٹ ہوم کے میرے بیٹے اور بیٹیاں اس وقت میڈیکل، لاء سمیت جدید علوم کی کالجوں، یونیورسٹیوں میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں اور یہی میرے بیٹے اور بیٹیاں کل پاکستان سویٹ ہوم کے سی ای او بن کر انتظام سنبھالیں گے زمرد خان نے کہا کہ میرے گھرانے سے کوئی ایک فرد بھی پاکستان سویٹ ہوم کے کسی معاملے میں شامل نہیں ہے انہوں نے کہا کہ رازق اللہ تعالیٰ کی ذات ہے اور ہر ایک فرد کو اس کے نصیب کا کھانا اس تک خود پہنچتا ہے قبل ازیں پروفیسر ڈاکٹر محمد عمر نے تقریب کے شرکاء کے ہمراہ کھانے کے معیار کو سراہا اور دس ہزار روپے بطور عطیہ دئے.

مزید خبریں