هفته,  15 فروری 2025ء
عوام پاکستان عوام کی حقیقی ترجمان ہے :سرفراز افضل

راولپنڈی (روشن پاکستان نیوز) – کنوئنیر عوام پاکستان شمالی پنجاب و سابق ممبر صوبائی اسمبلی پنجاب چوہدری سرفراز افضل نے کہا کہ “عوام پاکستان” ہی اس ملک کی عوام کی حقیقی ترجمان ہے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار یونین کونسل کوٹھہ کلاں 1 کی آبادی ڈہوک چوہدریاں میں عوام پاکستان کاروان میں شمولیت اختیار کرنے والے نئے ساتھیوں کے شمولیتی پروگرام کے دوران کیا۔ اس موقع پر انہوں نے مزید کہا کہ سابق وزیراعظم و سربراہ عوام پاکستان شاہد خاقان عباسی، سابق وزیراعلیٰ سردار مہتاب احمد خان عباسی، مفتاح اسماعیل، ڈاکٹر ظفر مرزا اور راجہ عتیق سرور سمیت دیگر رہنماؤں نے اپنی سابقہ جماعتوں کو چھوڑ کر عوام پاکستان میں شمولیت اختیار کی۔

چوہدری سرفراز افضل نے وضاحت کی کہ یہ فیصلہ اقتدار کے لالچ میں نہیں بلکہ اصولوں اور اقدار کی سیاست کے تحت کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم میں سے کوئی بھی شخص اگر اپنی سابقہ جماعت میں رہتا تو حکومتی عہدوں سے نوازا جا سکتا تھا، لیکن ہم نے اصولوں کے تحت فیصلہ کیا کہ ہم ناجائز حکومت کا حصہ نہیں بن سکتے۔

سینئر رہنما عوام پاکستان، راجہ عتیق سرور نے اس موقع پر کہا کہ موجودہ حکومت کو عوام کے درد کا کوئی احساس نہیں، اور اس کی سب سے بڑی وجہ یہ ہے کہ یہ حکومت “فارم 47” کی بنیاد پر قائم ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام آج شدید مشکلات کا سامنا کر رہی ہے، جبکہ حکمران اپنی تنخواہیں بڑھانے میں مصروف ہیں۔ “کیا یہ حکومت عوام کا درد محسوس کر سکتی ہے جو خود چور دروازے سے اقتدار میں آئی؟” انہوں نے سوال اٹھایا۔

شمولیتی پروگرام میں مسلم لیگ ن یوتھ ونگ کے سابق جوائنٹ سیکرٹری چوہدری عمران، مسلم لیگ ن یونین کونسل کوٹھہ کلاں کے جوائنٹ سیکرٹری بابُو عمران قریشی اور پی ٹی آئی یونین کونسل کوٹھہ کلاں کے تاجر ونگ کے رہنما رانا عمران خان نے عوام پاکستان کاروان میں شمولیت اختیار کی۔

پروگرام میں ضلع مری عوام پاکستان کے سینئر رہنماؤں، بشمول راجہ آفاق سرور، بیرسٹر مطاس علی چوہدری، کنوئنیر عوام پاکستان راولپنڈی سٹی سردار نزیر کشمیری، اور دیگر سیاسی رہنماؤں نے شرکت کی۔

چوہدری سرفراز افضل نے آخر میں کہا کہ عوام پاکستان ایک مضبوط پلیٹ فارم ہے جو عوام کے مسائل حل کرنے اور ان کے حقوق کے لیے کام کرے گا۔

مزید خبریں