ممتاز سماجی و روحانی شخصیت پیر خان عبدالحمید خان انتقال کر گئے

اسلام آباد (شہزاد حسین بھٹی) — ممتاز سماجی و روحانی شخصیت پیر خان عبدالحمید خان آف کنڈی عمر خانہ رضائے الٰہی سے انتقال کر گئے۔ ان کے وصال کی خبر سنتے ہی علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی، اور عقیدت مندوں کی بڑی تعداد تعزیت کے لیے ان کی رہائش گاہ پر پہنچ رہی ہے۔

مرحوم کی نماز جنازہ 13 فروری بروز منگل سہ پہر 3 بجے ڈیرہ خان صاحب، غازی، ہری پور روڈ، گاؤں عمر خانہ (تربیلا) میں ادا کی جائے گی۔

پیر خان عبدالحمید خان نہایت نیک سیرت، درویش صفت اور ملنسار شخصیت کے مالک تھے۔ انہوں نے اپنی پوری زندگی دین اسلام کی ترویج، سماجی خدمت اور انسانیت کی بھلائی کے لیے وقف کر رکھی تھی۔ ان کا خاندان روحانی اور سماجی قیادت میں ایک منفرد مقام رکھتا تھا۔

وہ عوامی فلاح و بہبود کے کاموں میں ہمیشہ پیش پیش رہے اور ان کی مجلس میں آنے والا ہر شخص ان کی شفقت، اخلاق اور علم سے فیض یاب ہوتا تھا۔ ان کی زندگی محبت، اخوت اور بھائی چارے کی عملی تصویر تھی۔

پیر خان عبدالحمید خان کی روحانی بصیرت اور شخصیت کے باعث ملک کے کئی اعلیٰ سیاسی اور سماجی رہنما ان کے در پر حاضری دیتے رہے۔ پاکستان کے سات وزرائے اعظم ان سے ملاقات کر چکے تھے، جبکہ سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف ان کے عقیدت مندوں میں شامل تھے اور اپنے اہم مواقع پر ان سے رہنمائی حاصل کرتے رہے۔ جب وہ وزیر اعظم بنے تو وہ پیر صاحب کو اجمیر شریف ساتھ لے کر گئے اور انہیں وزیر اعظم ہاؤس میں سرکاری مہمان کا درجہ دیا۔

دیگر ممتاز شخصیات جنہوں نے پیر خان عبدالحمید خان سے فیض حاصل کیا، ان میں مہتاب خان (مالک روزنامہ اوصاف، اے بی این نیوز)،سابق چیرمین سینٹ سید نیئر بخاری، زمرد خان، اخبار فروش یونین کے ٹکا خان، اعجاز الحق اور کئی دیگر سیاسی و سماجی رہنما شامل ہیں۔

مزید پڑھیں: اسماعیلی کمیونٹی کے روحانی پیشوا پرنس کریم آغا خان انتقال کرگئے

پیر خان عبدالحمید خان کا دربار ہر خاص و عام کے لیے کھلا رہتا تھا۔ ان کے لنگر میں کوئی امتیاز نہ تھا— عام و خاص سب ایک ہی جگہ بیٹھ کر کھاتے تھے۔ سالانہ خصوصی کٹوا گوشت کا لنگر تیار کیا جاتا، جو مریدین اور عقیدت مندوں میں تقسیم ہوتا تھا۔

پیر خان عبدالحمید خان کی وفات سے علاقے میں ایک بڑی روحانی، سماجی اور علمی خلا پیدا ہو گئی ہے، جسے مدتوں محسوس کیا جاتا رہے گا۔ ان کی شفقت، محبت اور عوامی خدمت کی روشن یادیں ہمیشہ دلوں میں زندہ رہیں گی۔

اللہ تعالیٰ انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور ان کے پسماندگان کو صبر جمیل عطا کرے۔ آمین۔

مزید خبریں