حافظ آباد( شوکت علی وٹو ) ڈپٹی کمشنر حافظ آباد، عبدالرزاق نے ضلع کے مختلف تعلیمی اداروں، ہسپتالوں اور ترقیاتی منصوبوں کا دورہ کیا۔ اس دوران انہوں نے شجرکاری مہم کے سلسلے میں گورنمنٹ ہائی سکول میں پودا لگایا اور جشن سٹیم مقابلہ جیتنے والے طلباء سے ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے اس عظیم کامیابی پر پرنسپل عنایت اللہ، کلاس ٹیچر نصر اللہ ساجد اور کامیاب طالب علموں اشتیاق علی اور محمد فیضان کو مبارکباد دی۔ سی ای او ایجوکیشن اکرم اشرف بھی ان کے ہمراہ تھے۔
ڈپٹی کمشنر نے گورنمنٹ ماڈل پرائمری سکول کینال کالونی کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے سکول کی مجموعی تعلیمی صورتحال کا جائزہ لیا اور طلباء سے سوالات کئے۔ اس کے علاوہ، انہوں نے گورنمنٹ اسپیشل ایجوکیشن سکول کا بھی دورہ کیا جہاں اسکول کی اپ گریڈیشن اور تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا۔
ہسپتالوں کے دورے کے دوران، ڈپٹی کمشنر نے ڈی ایچ کیو ہسپتال کی جنرل ایمرجنسی، چلڈرن ایمرجنسی اور دیگر شعبہ جات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے مریضوں سے طبی سہولتوں اور ادویات کی فراہمی کے بارے میں فیڈ بیک بھی لیا۔ ڈپٹی کمشنر نے بی ایچ یو چک چٹھہ کا بھی دورہ کیا اور وہاں فراہم کی جانے والی علاج معالجہ کی سہولتوں کا جائزہ لیا۔
اس کے علاوہ، عبدالرزاق نے یونین کونسل ونی میں زیر تعمیر سڑک کے منصوبے کا بھی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ تصور عباس، محکمہ ہائی ویز اور بلڈنگز کے افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔
ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ حکومتی اقدامات کی مؤثر نگرانی اور بہتری کی کوششیں جاری رکھی جائیں گی تاکہ عوام کو بہترین سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔