اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) ایم این اے نوابزادہ میر جمال خان رئیسانی نے کمشنر آفس کوئٹہ کا دورہ کیا اور این اے 264 میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا۔ کمشنر کوئٹہ حمزہ شفقات اور متعلقہ حکام نے انہیں منصوبوں کی پیشرفت سے آگاہ کیا۔ اس دوران نوابزادہ جمال خان رئیسانی نے گاہی خان برج، کسٹمز چیک پوسٹ برج اور سریاب روڈ توسیعی منصوبے میں تاخیر پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو سخت الفاظ میں خبردار کیا اور منصوبوں کو تین ماہ کے اندر مکمل کرنے کا الٹی میٹم دے دیا۔ نوابزادہ رئیسانی نے کہا کہ کوئٹہ میں ٹریفک کے مسائل دن بہ دن بڑھتے جا رہے ہیں اور شہری روزانہ گھنٹوں گھنٹوں ٹریفک کے عذاب سے دوچار ہو رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ “شہریوں کو سہولتیں فراہم کرنا پاکستان پیپلز پارٹی کی اولین ترجیح ہے، اور ہم ان مسائل کو فوری طور پر حل کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔”
مزید پڑھیں: غزہ جنگ بندی معاہدے کا وقت شروع، پہلے مرحلے پر عملدرآمد میں تاخیر
نوابزادہ میر جمال خان رئیسانی کا کہنا تھا کہ اگر منصوبوں میں مزید تاخیر ہوئی تو عوامی دباؤ اور ٹریفک کے مسائل مزید سنگین ہو سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کی مشکلات کا حل جلد از جلد نکالنا ضروری ہے تاکہ شہریوں کو سہولت مل سکے۔