حافظ آباد(شوکت علی وٹو) حافظ آبادمیں محکمہ تعلیم کی جانب سے سرکاری سکولوں میں داخلہ مہم شروع کر دی گئی ۔سی ای او ایجوکیشن محمد اکرم اشرف نے گورنمنٹ ہائی سکول مدینہ کالونی میں بچوں کو سکول داخل کر کے مہم کا آغاز کیا اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سیکنڈری انور علی جاوید، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ایلیمنٹری صوفیہ جبیں سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔ سی ای او ایجوکیشن کا کہنا تھا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز اور وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کی ہدایات پر سکولوں میں بچوں کے نئے داخلے کی مہم زور و شور سے جاری ہے۔ نئے داخل ہونے والے تمام طلبہ و طالبات کو محمہ تعلیم حکومت پنجاب کی جانب سے مفت کتابیں دی جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلی اور صوبائی وزیر کے تعلیم دوست ویژن اور تعلیم کے فروغ کے سلسلہ میں سکول جانے کی عمر کے تمام بچوں کو سکولوں میں داخل کیا جائے گا اور اس بات کو بھی یقینی بنایا جائے گا کہ یہ تمام بچے مستقل طور پر سکولوں میں تعلیم حاصل کریں ۔سی ای او ایجوکیشن نے محکمہ تعلیم کے تمام ضلعی افسران ،سکولوں کے سربراہان اور اساتذہ کو ہدایت کی کہ اپنے علاقوں میں بچوں کے سکول داخلہ کے حوالہ سے خصوصی اقدامات کیے جائیں
